جماعت اسلامی نےکراچی میں اپنے 9 ٹاؤنز کو ملنے والی رقم کا حساب پیش کردیا


جماعت اسلامی نےکراچی میں اپنے 9 ٹاؤنز کو ملنے والی رقم کا حساب پیش کردیا

فوٹو: فائل

جماعت اسلامی نے کراچی میں اپنے 9 ٹاؤنز کو  ملنے والی آکٹرائے ضلع ٹیکس (OZT) کی رقم کا حساب پیش کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان  نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال میں جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز کو اوسطاً ماہانہ  90 کروڑ 76 لاکھ  روپے ملے جن میں  سے ہر ماہ اوسطاً 70 کروڑ 34 لاکھ صرف تنخواہوں کی مد میں گئے۔

منعم ظفر خان کے مطابق باقی 20 کروڑ روپے میں سے ٹاؤنز  نے پیٹرول، ملازمین کی لیو انکیشمنٹ، میڈیکل، پی ایف اور انشورنس پر خرچ کیے، صرف گلشن اقبال ٹاؤن نے دیگر اخراجات پر 3 کروڑ روپے اپنے وسائل سے خرچ کیے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ مرتضٰی وہاب کس کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں؟ پیپلزپارٹی وڈیروں کا ٹولہ اور کرپٹ مافیا ہے جو عوام کو کچھ دینا نہیں چاہتا،کراچی پانی سے نہیں کرپشن، نااہلی اور بد انتظامی کی وجہ سے ڈوبا ہے ۔

منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ  بارشوں نے قبضہ میئر  اورپیپلزپارٹی کی کارکردگی کا پول کھول دیا، 230 ملی میٹربارش ہوئی جس میں پورا شہرڈوب گیا۔ یہ بات واضح ہوگئی کہ پیپلزپارٹی کچھ بھی ڈلیور کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، شہر کو اس کا جائز حق دیا جائے اس کا جو حصہ بنتا ہے وہ ملنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کہتے ہیں کیا پورا شہر کھود دیں، آپ نے ریڈ لائن کے نام  پر شہرکو کھود  رکھا ہے، کریم آباد انڈر پاس کب بنےگا؟ ریڈ لائن کب بنےگی؟  اسلام آباد میں انڈر  پاس 72 روز  میں بن گیا، جہانگیر روڈ دیکھ لیں ،ناتھا خان کا برج دیکھ لیں کیا حال ہے، آپ شہر کو پانی نہیں دیتے ،کے فور کو 2023 میں بننا تھا مگر کیا ہوا؟

منعم ظفر خان نے مزیدکہا کہ  آپ لوگ ترقیاتی فنڈ کے لیے ایک پیسہ بھی نہیں دیتے، ٹاؤن پر یہ بوجھ بھی ہےکہ وہ  اپنے  وسائل سے 20 فیصد  رقم پنشن کی مد میں رکھے، ٹاؤن جو ترقیاتی کام کراتا ہے اس میں بھی مختلف رقوم کی کٹوتی ہوتی ہے، واٹرکارپوریشن کے سربراہ بھی مرتضیٰ وہاب اور کارکردگی صفر ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *