
کراچی میں جماعت اسلامی کے زیر انتظام ٹاؤنز کو دیے گئے تمام فنڈز کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
کراچی کے بلدیاتی سیٹ اپ میں9 ٹاؤنز جماعت اسلامی کے زیر انتظام ہیں۔
میئر کراچی کا دعویٰ ہے کہ جماعت اسلامی کے ٹاؤنز چیئرمین کو گزشتہ 26ماہ کے دوران 27 ارب روپے دیے گئے جبکہ جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ ان کے ٹاؤنز میں ترقیاتی فنڈز کے نام پر ایک روپیہ بھی نہیں دیا گیا۔ جو رقم دی گئی وہ تنخواہوں میں چلی گئی۔
جیونیوز نے اس حوالے سے جو تحقیق کی، اُس میں جماعت اسلامی کے زیر انتظام ٹاؤنز کو دیے گئے تمام فنڈز کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
جیونیوز نے اس حوالے سے متعلقہ محکمے سے رابطہ کیا اور جماعت اسلامی کے زیر انتظام شہر کے 9 ٹاؤنز کو فراہم کردہ رقم کی تفصیلات حاصل کی ہیں۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق لیاقت آباد ٹاؤن کو ہر ماہ 9.916 کروڑ روپے ملتے ہیں۔ اس میں 7 کروڑ 79 لاکھ 11 ہزار روپے تنخواہوں کی مد میں خرچ ہوتے ہیں جبکہ 2 کروڑ 12 لاکھ 52 ہزار روپے بچتے ہیں۔
نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کو ہر ماہ 13 کروڑ 33 لاکھ 36 ہزار روپے ملتے ہیں۔ اس میں 7 کروڑ 19 لاکھ 11 ہزار روپے تنخواہوں کی مد میں خرچ ہوتے ہیں جبکہ 6 کروڑ 21 لاکھ 40 ہزار روپے بچتے ہیں۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق ناظم آباد ٹاؤن کو ہر ماہ 9 کروڑ 71 لاکھ 74 ہزار روپے ملتے ہیں۔ اس میں 5 کروڑ 57 لاکھ 65 ہزار روپے تنخواہوں میں چلے جاتے ہیں جبکہ 4 کروڑ 14 لاکھ 9 ہزار روپے بچتے ہیں۔
نیوکراچی ٹاؤن کو ہر ماہ 18 کروڑ 77 لاکھ 91 ہزار روپے ملتے ہیں۔ 11 کروڑ 93 لاکھ 38 ہزار روپے تنخواہوں میں چلے جاتے ہیں جبکہ 6 کروڑ 84 لاکھ 53 ہزار بچتے ہیں۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق گلبرگ ٹاؤن کو ہر ماہ 13 کروڑ 46 لاکھ 89 ہزار روپے ملتے ہیں۔ 10 کروڑ 12 لاکھ 56 ہزار روپے تنخواہوں میں چلے جاتے ہیں جبکہ 3 کروڑ 34 لاکھ 33 ہزار روپے بچتے ہیں۔
گلشن ٹاؤن کو ہر ماہ 6 کروڑ 51 لاکھ 84 ہزار روپے ملتے ہیں۔ 4 کروڑ 99 لاکھ 72 ہزار روپے تنخواہوں میں چلے جاتے ہیں جبکہ ایک کروڑ 52 لاکھ 12 ہزار روپے بچتے ہیں۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق جناح ٹاؤن کو ہر ماہ 8 کروڑ 26 لاکھ 61 ہزار روپے ملتے ہیں۔ 6 کروڑ ایک لاکھ 36 ہزار روپے تنخواہوں میں چلے جاتے ہیں جبکہ 2 کروڑ 25 لاکھ 25 ہزار روپے بچتے ہیں۔
لانڈھی ٹاؤن کو ہر ماہ 12 کروڑ 84 لاکھ 2ہزار روپے ملتے ہیں۔ 10 کروڑ 96 لاکھ 56 ہزار روپے تنخواہوں میں چلے جاتے ہیں جبکہ ایک کروڑ 87 لاکھ 46 ہزار روپے بچتے ہیں۔
سرکاری اعدادو شمار کے مطابق ماڈل کالونی ٹاؤن کو ہر ماہ 8 کروڑ 99 لاکھ 29 ہزار روپے ملتے ہیں۔ 7 کروڑ 86 لاکھ 14 ہزار روپے تنخواہوں میں چلے جاتے ہیں جبکہ ایک کروڑ 13 لاکھ 15 ہزار روپے بچتے ہیں
یعنی ایک ارب 18 کروڑ روپے ہر ماہ ان 9 ٹاؤنز کو ملتے ہیں۔ جس میں سے 72.46 کروڑ روپے ماہانہ تنخواہوں کی مد میں خرچ ہوتے ہیں اور 29.45 کروڑ روپے ماہانہ بچت ہوتی ہے۔
اگر گزشتہ 26 ماہ میں ان ٹاؤنز کی بچت کا جائزہ لیں تو 7 ارب 68 کروڑ اور 64 لاکھ سے زیادہ کی بچت ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے تمام ٹاؤنز کو مختلف یوٹیلٹی ٹیکسز کی مد میں بھِی لاکھوں روپے ماہانہ کی آمدنی ہوتی ہے۔
Leave a Reply