کراچی میں برسات وقفے وقفے سے ہوتی تو مسائل اتنے نہ ہوتے: شرجیل میمن


کراچی میں برسات وقفے وقفے سے ہوتی تو مسائل اتنے نہ ہوتے: شرجیل میمن

جب پانی کی مقدار زیادہ ہوگی تو نکلنے میں وقت لے گا، ایسا لگ رہا تھا کہ ہمارے ساتھ زیادتی بھی کی جارہی تھی: سینئر وزیر/ فائل فوٹو

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہےکہ کراچی میں برسات وقفے وقفے سے ہوتی تو اتنے مسائل نہ ہوتے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہاکہ شہر میں ایک  ڈیڑھ گھنٹہ بارش ہوئی اس سے اربن فلڈنگ کا سامنا کرنا پڑا، اگر برسات وقفے وقفے سے ہوتی تو اتنے مسائل نہ ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ،کمشنر اور عملہ سمیت میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ہمیں سڑکوں پر نظر آئے، انہوں نے دن و رات کام کیا اور شہر کے دورے پر رہے۔

سینئر وزیر  کا کہنا تھا کہ شہریوں کو جس اذیت کا سامنا کرنا پڑا سندھ حکومت نے اس پر معذرت بھی کی، بلدیہ عظمیٰ نے مرکزی برساتی نالوں کی ایڈوانس میں صفائی کرائی ہوئی تھی لیکن جب پانی کی مقدار زیادہ ہوگی تو نکلنے میں وقت لے گا، انڈر پاسز پر بارش کے پانی کی نکاسی کےلیے مشینری لگائی ہوئی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو جو تکلیف ہوئی اس بات کا احساس ہم سب کو ہے لیکن ایسا لگ رہا تھا کہ ہمارے ساتھ زیادتی بھی کی جارہی تھی، شہر میں زیادہ اموات بجلی کے کرنٹ لگنے اور  چند دیواریں گرنے سے ہوئیں۔

 بارشوں میں سب سے زیادہ کوتاہی کے الیکٹرک کی دیکھی: شرجیل میمن

شرجیل میمن کاکہنا تھا کہ حالیہ بارشوں میں سب سے زیادہ کوتاہی کے الیکٹرک کی دیکھی، مختلف علاقوں میں 48 گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہی، حیدرآباد میں حیسکو کی نا اہلی رہی جس کیلئے ناصر حسین شاہ سب سے رابطے میں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سندھ میں کوئی دوسرا صوبہ نہیں بنے گا، ابھی نئے انتظامی یونٹس بنانے کا معاملہ مفروضہ ہے، ہم مفروضوں پر جواب نہیں دیں گے، جب یہ معاملہ سامنے آئے گا تو ہماری پارٹی اس پر مشورہ کرے گی، مشورے کے بعد جو بات سامنے آئے گی وہ سب کو بتائیں گے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *