کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں اب تک بجلی کی فراہمی معطل ہے اور شہر کی کئی سڑکوں پر تاحال پانی جمع ہے۔
کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 7، 13، 18، محمودآباد، اخترکالونی، منظورکالونی، ڈیفنس ویو، ملیر عالمگیرسوسائٹی سمیت شہر کے مخلتف علاقوں میں گزشتہ روز سے ہی بجلی معطل ہے۔
دوسری جانب بارش کے باعث جمع ہونے والی پانی کی نکاسی بھی اب تک مکمل طور پر نہیں کی جا سکی ہے اور کراچی کے علاقے ٹاور، آئی آئی چندریگر روڈ، شارع فیصل پر ایف ٹی سی، پی اے ایف میوزیم کے قریب بھی برساتی پانی جمع ہے جبکہ یونیورسٹی روڈ پر صفورا کے مقام پر بھی بارش کی نکاسی تاحال نا ہو سکی۔
اس کے علاوہ کراچی کے ریڈ زون، شاہین کمپلیکس سے آرٹس کونسل کے ایم ار کیانی روڈ، ضیاء الدین احمد روڈ سے بھی پانی نہ نکالا جا سکا جس کے باعث ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ کا ایک ٹریک کل سےٹریفک کے لیے بند ہے جبکہ ڈرگ روڈ اور ناظم آباد انڈر پاس تاحال بند ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گورنر ہاؤس کے ایوان صدر روڈ پر بھی پولیس لائن تک پانی بھرا ہوا ہے جب کہ کھارادر، ایم اے جناح روڈ پر بولٹن مارکیٹ کے اطراف اور جامعہ سندھ مدرسۃ الاسلام میں بھی تاحال پانی جمع ہے۔
عیسیٰ نگری کے قریب سڑک پر تاحال گھٹنوں گھٹنوں برساتی پانی جمع ہے، گزشتہ رات خراب ہونے والی گاڑیاں سڑک کنارے کھڑی ہیں۔
علاوہ ازیں کراچی کے علاقے رنچھوڑلائن میں پرانی خالی عمارت کا کچھ حصہ گرگیا جس کی زد میں آکر خاتون اور مرد زخمی ہوگئےجنہیں سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔























Leave a Reply