اسلام آباد: این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ، چناب، راوی اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے جبکہ تونسہ بیراج، گڈو، مرالہ، خانکی اور قادرآباد پر نچلے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون کے دوران بارشوں سے تربیلا ڈیم 96 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 64 فیصد بھر چکے ہیں۔
الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ میں 13 تا 15 اگست تک بارش کا امکان ہے جبکہ سرگودھا، فیصل آباد، ملتان، خانیوال میں بھی 13 تا 15 اگست تک وقفے وقفے سے بارش متوقع۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ساہیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، تونسہ، ڈی جی خان اور راجن پور میں 13 سے 15 اگست تک بارشیں متوقع ہیں جبکہ بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی 13 سے 15 اگست تک درمیانی سے تیز بارشیں متوقع ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث پنجاب کے بڑے شہروں میں سیلاب کا خدشہ ہے جبکہ ڈی جی خان اور راجن پور میں پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور پیر پنجال کے نالوں میں بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔
چترال، دیر، سوات، کالام، کوہستان، مالاکنڈ اور بونیر میں بھی 13 سے 15 اگست تک بارشوں اور آندھی کا امکان ہے، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، پشاور، چارسدہ اور ہنگو میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
دریائے کابل، سوات اور ان کے ملحقہ نالوں پنجکوڑا، بارہ اور کلپانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں ممکنہ شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
ممکنہ بارشوں سے ہنزہ، شگر اور گانچھے میں بھی سیلابی صورتحال کا امکان ہے اور دریائے ہنزہ، خنجراب، شمشال، برالدو، ہوشے، سالتورو کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔
























Leave a Reply