معروف اداکار جیکی چن اپنی فلموں میں خود اسٹنٹس کرنے کے لیے جانے جاتے ہیں۔
وہ ہر اسٹنٹ خود کرنا پسند کرتے ہیں مگر حیران کن طور پر اسٹنٹس سے ‘خوفزدہ’ رہتے ہیں اور انہیں یہ خوف لاحق رہتا ہے کہ وہ سیٹ پر مر نہ جائیں۔
یہ انکشاف 71 سالہ اداکار نے خود ایک تقریر کرتے ہوئے کیا۔
سوئٹزر لینڈ میں Locarno فلم فیسٹیول میں شرکت کے دوران جیکی چن نے اعتراف کیا کہ وہ ہمیشہ اہم مناظر کی عکسبندی سے قبل نروس ہوتے ہیں اور اکثر فکرمند ہوتے ہیں کہ ان کے خطرناک ایکشن اسٹنٹس جان لیوا ثابت ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ‘میں سپر مین نہیں، میں ہر اسٹنٹ سے قبل خوفزدہ ہوتا ہوں اور سوچتا ہوں کہ کیا میں اس بار مرنے والا ہوں؟’
مگر انہوں نے زور دیا کہ وہ اب بھی اپنے مارشل آرٹ سینز خود کرنے کے قابل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمر کی 8 ویں دہائی میں بھی وہ اپنی فلموں کو ہر ممکن حد تک بہترین بنانا چاہتے ہیں۔
جیکی چن نے کہا کہ ناظرین کو پروڈیوسر، بجٹ اور دیگر چیزوں سے کوئی دلچسپی نہیں ہوتی، وہ تو بس اچھی فلم چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میں ہمیشہ یہ بات یاد رکھتا ہوں اور اسی لیے ہر سین کو پرفیکٹ بنانے کی کوشش کرتا ہوں، میرے خیال میں پرانی فلمیں موجودہ عہد کی فلموں سے زیادہ بہتر ہوتی تھیں، کیونکہ اب بڑے اسٹوڈیوز فلم ساز نہیں بلکہ کاروباری افراد ہیں، تو آج کل ایک اچھی فلم بنانا بہت مشکل ہے’۔

























Leave a Reply