کراچی: لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی فیکٹری میں آگ لگ گئی۔
کراچی کے علاقے لانڈھی میں واقع ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی فیکٹری میں لگی آگ کو 4 سے زائد گھنٹے گزر گئے مگر آگ تاحال بجھائی نہ جاسکی۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری سے ملازمین کو نکالا جاچکا تھا تاہم اب عمارت گرچکی ہےجب کہ آگ سے متاثرہ فیکٹری سے متصل فیکٹریوں کو خالی کروالیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کا یہ بھی بتانا ہے کہ عمارت گرنے کے باعث قریب موجود 7 افراد بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق آگ بجھانے کے عمل میں 12 فائر ٹینڈر،2 واٹرباؤزر اور 2 اسنارکل حصہ لے رہی ہیں جب کہ مزید فائرٹینڈرز کو طلب کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں آتشزدگی کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعلیٰ نے فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہےکہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نےکمشنر کو آتشزدگی واقعے کی مکمل انکوائری کا حکم دیا اور کہا کہ فیکٹری مالکان اور مزدوروں کی مکمل معاونت کی جائے۔
وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا ہےکہ آگ لگنے کے وقت بڑی تعداد میں ملازمین فیکٹری میں موجود تھے، ریسکیو حکام نے تمام افراد کو بحفاظت نکالا، آگ لگنے والی گارمنٹ فیکٹری کی 5 منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی۔






















Leave a Reply