
پاکستانی میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ عینی خالد نے انکشاف کیا ہے کہ 2024 میں ان کی 7 سالہ بیٹی کو 24 گھنٹوں کے دوران 2 بار دل کا دورہ پڑا۔
گلوکارہ نے چند دن قبل انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اپنی بیٹی عیشا کی جرات اور ہمت کے سفر کی داستان سنائی۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ میں یقین نہیں کر سکتی کہ آخر کار مجھ میں یہ شیئر کرنے کی ہمت کہاں سے آئی، 23 جنوری 2024 وہ تاریخ ہے جو کہ ہمیشہ کے لیے میری روح میں نقش ہو گئی ہے، اس دن میری 7 سالہ بیٹی عیشا کو آکسیجن کی کمی ہونے کی وجہ سے ایک نہیں بلکہ 2 دل کے دورے پڑے۔
عینی نے بتایا کہ میں اسپتال میں آنسوؤں سے بھری آنکھوں سے اپنی اس بیٹی کو دیکھ رہی تھی جو ہر وقت پُرجوش انداز میں گھر میں اچھل کود کرتی رہتی تھی اور دل کا دورہ پڑنے کے بعد بے ہوش تاروں اور مشینوں میں الجھی ہوئی پڑی تھی۔
عینی خالد کے مطابق میری عیشا بالکل صحت مند پیدا ہوئی تھی، اسے کوئی بیماری نہیں تھی لیکن اب اس کے جسم کے اعضا میں خرابی اور فالج کا سامنا ہے، وہ زیادہ چل بھی نہیں سکتی، وہیل چیئر اس کی زندگی کا حصہ بن گئی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں نے زندگی کے اس مشکل ترین لمحے میں بھی اللّٰہ پر اپنے ایمان کو قائم رکھا کیونکہ جب دوا کام نہیں کرتی تو دعا کام آتی ہے۔
گلوکارہ نے یہ بھی بتایا کہ میری بیٹی کا زندہ بچنا ایک معجزہ ہے اور ڈاکٹرز بھی یہ دیکھ کر حیران ہیں وہ صحت یاب ہو رہی ہے لیکن میرا یقین ہے کہ جہاں انسان کی عقل ختم ہو جاتی ہے وہاں سے اللّٰہ کی رحمت شروع ہوتی ہے۔
عینی خالد کا کہنا تھا کہ میری بیٹی زندہ ہے، مسکرا رہی ہے، ہنس رہی ہے اور صحتیاب ہورہی ہے، انشا اللّٰہ وہ ایک دن پھر چلنے بھی لگے گی۔
Leave a Reply