چیمبرز اور تاجر تنظیمیں آج کی ہڑتال کے معاملے پر تقسیم ہوگئیں


چیمبرز اور تاجر تنظیمیں آج کی ہڑتال کے معاملے پر تقسیم ہوگئیں

ایف پی سی سی آئی اور تاجر تنظیموں نے آج کی ہڑتال مؤخر کرنے جبکہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ہڑتال کا اعلان کردیا— فوٹو:فائل

چیمبرز اور تاجر تنظیمیں آج کی ہڑتال کے معاملے پر تقسیم ہوگئیں۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) اور تاجر تنظیموں نے آج کی ہڑتال مؤخر کرنے  جبکہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ہڑتال کا اعلان کردیا۔

صدرایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ اور تاجررہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ حکومت سے مثبت میٹنگ  ہوئی، آج ملک بھر میں ہڑتال نہیں ہوگی، پورے پاکستان کے چیمبرز  اس معاملے پر ہمارے ساتھ ہیں۔

عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھاکہ فیڈریشن کاکام بزنس کمیونٹی اورحکومت کے درمیان پل کا کردارادا کرنا ہے، حکومت نے بزنس کمیونٹی کے تحفظات کواچھے طریقے سے سنا، حکومت نے فنانس بل اورسیلز ٹیکس ایکٹ کی متنازع شقوں پر لچک کامظاہرہ کیا اور  حکومت نے بزنس کمیونٹی کے تمام مطالبات کو تسلیم کیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ  اجلاس کی سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی، حتمی منظوری وزیراعظم دیں گے، اگرکسی نے احتجاج کی کال دی ہے تو انفرادی حیثیت میں دی ہوگی، اس کا بزنس کمیونٹی کا تعلق نہیں۔

 رہنما ایف پی سی سی آئی ثاقب مگوں نے کہا کہ وزیر اعظم کےمعاون خصوصی ہارون اختر، چیئرمین ایف بی آر سےمذاکرات کےبعد فیصلہ کیاگیا، گجرانوالہ، اسلام آباد، پشاور اور کئی چیمبرز  ہمارے ساتھ ہیں تاہم کراچی اور لاہور چیمبر کا اپنا فیصلہ ہے۔

انجمن تاجران پاکستان کے رہنما اجمل بلوچ کا کہنا تھاکہ پہلی مرتبہ ایف پی سی سی آئی اور انجمن تاجران پاکستان ایک پیج پرہے، حکومت نے تمام مسئلے حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ایک ماہ میں مسئلے حل ہو جائیں گے، ابھی ہڑتال کی ضرورت نہیں، ضرورت پڑی تو انجمن تاجران، ایف پی سی سی آئی اور تمام چیمبرزمل کربڑی ہڑتال کریں گے۔

دوسری جانب  کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اعلان کیا ہے کہ حکومت کی باتوں کااعتبارنہیں ہفتہ19جولائی کوہڑتال ہوگی۔

صدر جاوید بلوانی نے کہا کہ اجلاس میں اچھی باتیں ہوئیں، کمیٹی نے جو کہا لکھ کر دینے کو تیار نہیں اور ممبران کا فیصلہ تھا کہ لکھ کر نہ دیا تو ہڑتال ہوگی، حکومت جو کہہ رہی ہےوہ لکھ کر نہ دیا تومزید ہڑتالیں کریں گے۔

خیال رہے کہ ملکی چیمبرز  اور تاجر تنظیموں کی جانب سے 19 جولائی کو حکومتی اقدامات کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا گیاتھا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *