
نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور افغانستان کے قائم مقام وزیرداخلہ سراج الدین حقانی کی کابل میں ملاقات ہوئی ۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات یو اے پی(UAP) ریل کوریڈور کے فریم ورک معاہدے کی تقریب کے موقع پر ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان سکیورٹی امورپر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور علاقائی ممالک کو درپیش خطرات کے خاتمے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق افغان قائم مقام وزیرداخلہ سراج الدین حقانی سے ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے سکیورٹی اور بارڈرمنیجمنٹ کے مسائل حل کرنے ، اقتصادی تعاون اور علاقائی رابطےکے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
یاد رہے کہ نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار اس وقت ایک روزہ سرکاری دورے پر افغانستان میں موجود ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان صادق خان اور وفاقی سیکرٹری ریلوے سید مظہر علی شاہ بھی نائب وزیراعظم کے ہمراہ موجود ہیں۔
افغانستان پہنچنےکے بعد نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی افغانستان کے دارالحکومت کابل میں عبوری افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات ہوئی جس میں تجارت، ٹرانزٹ اور سکیورٹی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے بعد پاکستان، افغانستان اور ازبکستان نے یو اے پی ریلوے منصوبے کے فیزیبلٹی اسٹڈی معاہدے پر دستخط کئے۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق یو اے پی منصوبہ ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کو ریلوے لنک سےجوڑنے کےلیے ہے جو وسطی ایشیائی ریاستوں کو پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی دے گا۔
Leave a Reply