پاکستانی اداکار علی عباس نے والد کی دوسری شادی کے بعد پیش آنے والی مشکلات پر لب کشائی کی ہے۔
حال ہی میں علی عباس نے اداکار احمد علی بٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنے والد سینئر اداکار وسیم عباس کی دوسری شادی سے متعلق بات کی اور مشکلات کے بارے میں بتایا۔
میزبان نے اداکار سے والد کی مصروفیات کی وجہ سے تعلق کے حوالے سے سوال کیا اس پر علی عباس نے کہا کہ میرا اپنے والد سے تعلق میں اس وقت خلل آیا جب انہوں نے اداکارہ صبا حمید سے دوسری شادی کی۔
اداکار نے کہا کہ والد کی دوسری شادی کے بعد میرا ان سے رشتہ ٹوٹ گیا تھا اور میں اس وقت 11 یا 12 سال کا تھا، گھر میں سب سے بڑا تھا اور میری 2 چھوٹی بہنیں اور بھائی ہے، مجھے اس وقت یہ احساس ہوگیا تھا کہ مجھے اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کیلئے والدین کا کردار ادا کرنا ہے کیونکہ والد کے پاس ہمیں دینے کیلئے وقت نہیں تھا اور میری والدہ ذہنی تناؤ سے گزر رہی تھیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے بعد مجھے اپنے والد سے شدید اختلاف پیدا ہوگیا لیکن جب میں نے 2 شادیوں کے بعد اپنے والد کی زندگی دیکھی تو مجھے احساس ہوا کہ وہ زیادہ متاثر ہوئے ہیں کیونکہ وہ سکون میں نہیں تھے، تو ایک بیٹے کی حیثیت سے یہ میری ذمہ داری تھی کہ میں اپنے والد کو سنوں، پھر میں نے ان سے بات کرنا، ان کے مسائل کو سمجھنا شروع کردیا جس کے بعد میرا ان سے تعلق بہترہوگیا۔
واضح رہے کہ سینئر اداکار وسیم عباس نے دوسری شادی اداکارہ صبا حمید سے کی، اداکارہ صبا کی پہلی شادی سے 2 بچے گلوکار فارس شفیع اور گلوکارہ میشا شفیع ہیں۔


























Leave a Reply