ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون توقع سے بہت جلد متعارف کرائے جانیکا امکان


ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون توقع سے بہت جلد متعارف کرائے جانیکا امکان

فولڈ ایبل آئی فون کا ڈیزائن ایسا ہوسکتا ہے / فوٹو بشکریہ منگ چی کیو

اب تک متعدد کمپنیوں نے فولڈ ایبل فون تیار کیے ہیں مگر ایپل نے ایسا کوئی آئی فون تیار نہیں کیا۔

مگر اب ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بہت جلد صارفین کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

درحقیقت یہ منفرد آئی فون 2026 کی دوسری ششماہی میں پیش کیا جاسکتا ہے۔

آئی فونز کی لیک کے حوالے سے معروف تجزیہ کار منگ چی کیو نے بتایا کہ فولڈ ایبل آئی فون کو آئی فون 18 سیریز کے ساتھ ستمبر 2026 میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایپل کو فولڈ ایبل آئی فون کے زیادہ یونٹس فروخت کی توقع نہیں کیونکہ اس کی قیمت کافی زیادہ ہوگی۔

اگر یہ رپورٹ درست ہے تو اس کا مطلب ہے کہ بہت جلد فولڈ ایبل آئی فون کا ڈیزائن یا جھلک سامنے آسکتی ہے۔

مختلف افواہوں کے مطابق فولڈ ایبل آئی فون میں کیمرا ڈسپلے کے اندر نصب ہوگا جبکہ وہ بک اسٹائل کا ہوگا یعنی آپ ڈسپلے کو کسی کتاب کی طرح کھول یا بند کرسکیں گے۔

اسی طرح فولڈ ایبل آئی فون کی بیٹری بھی بہترین ہوگی اور یہ سب چیزیں سستی نہیں ہوں گی۔

ابھی قیمت کے بارے میں تو مصدقہ طور پر تو کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے مگر کچھ عرصے پہلے کی رپورٹس کے مطابق اس کی قیمت 2100 سے 2500 ڈالرز کے درمیان ہوسکتی ہے۔

ابھی سب سے مہنگا آئی فون 16 پرو میکس ہے جس کی قیمت 1199 ڈالرز سے شروع ہوتی ہے تو فولڈ ایبل ڈیوائس اس سے دوگنا زیادہ مہنگی ہوگی۔

کچھ رپورٹس کے مطابق پہلا فولڈ ایبل آئی فون 7.9 سے 8.3 انچ تک بڑا ہوسکتا ہے۔

یہ فولڈ ایبل آئی فون لچکدار او ایل ای ڈی ڈسپلے سے لیس ہوگا اور ہزاروں بار کھولنے بند کرنے سے بھی اسے نقصان نہیں پہنچے گا۔

اس کے اندر نیا طاقتور پراسیسر ہوگا جبکہ کیمرا سسٹم بھی بہترین ہوگا۔

خیال رہے کہ ایپل کی جانب سے کسی نئی ٹیکنالوجی کو اپنانے میں جلد بازی نہیں کی جاتی اور اس کے بہتر ہونے کا انتظار کیا جاتا ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *