متعدد آن لائن پوسٹس میں 13 جون کو اسرائیل کے ایران پر حملے اور اس کے بعد ایران کے جوابی حملوں کے تناظر میں پاکستان سے متعلق مختلف دعوے شیئر کیے جا رہے ہیں۔
دعویٰ:
41 سیکنڈ پر مشتمل ایک ویڈیو کلپ آن لائن شیئر کی جا رہی ہے، جس میں مبینہ طور پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ (Donald J. Trump) یہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ پاکستان نے دھمکی دی ہے اگر اسرائیل نے ایران پر حملے جاری رکھے تو پاکستان اسرائیل پر حملہ کردے گا۔
اس کے بعد مبینہ طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ پاکستان کو اسرائیل-ایران جنگ سے دور رہنا چاہیے۔
حقیقت:
یہ دعویٰ غلط ہے، وائرل ویڈیو حالیہ اسرائیل-ایران جنگ سے پہلے کی ہے اور اسے پاکستان کے ذکر کے ساتھ ایڈیٹ کیا گیا ہے۔
ریورس امیج سرچ کے ذریعے اصل ویڈیو 30 مئی کی نکلی، جو کہ اسرائیل کے ایران پر حملے سے پہلے کی ہے، 30 مئی کو امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں بزنس مین ایلون مسک کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کی تھی، 52 منٹ پر مشتمل یہ پریس کانفرنس یہاں دیکھی جا سکتی ہے، جس میں ٹرمپ امریکا سے متعلق مختلف موضوعات پر گفتگو کرتے ہیں۔؎
اس پوری ویڈیو میں پاکستان کا ذکر صرف ایک مرتبہ، 13ویں منٹ پر آتا ہے، جہاں وہ بھارت اور پاکستان کے رہنماؤں کا مئی میں دونوں ممالک کے درمیان تنازع ختم کرنے میں مدد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
مزید یہ کہ بائٹس فار آل (Bytes4All) کے انیس قریشی نے ویڈیو اور آڈیو کی اصل حقیقت جانچنے کے لیے ایک AI ڈیٹیکشن ٹول استعمال کیا، اس ٹول کے مطابق ویڈیو میں موجود آڈیو 99.8 فیصد امکان کے ساتھ AI سے تیار کردہ ہے، انہوں نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا: ”اس کا مطلب ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے منسوب آواز مصنوعی طور پر تیار کی گئی ہے اور یہ ان کی اصل آواز نہیں ہے۔“

دعویٰ:
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جا رہی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حالیہ نشریاتی خطاب کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو (Benjamin Netanyahu) نے کہا کہ ماضی میں اسرائیل نے پاکستان کو جوہری طاقت بننے دینے کی ”غلطی“ کی تھی۔
انہوں نے مبینہ طور پر مزید کہا: ”ہمارے پاس پاکستان کو روکنے کا موقع تھا… تاہم ایران کے معاملے میں ہم یہ غلطی دوبارہ نہیں دہرائیں گے۔“
حقیقت:
یہ دعویٰ غلط ہے، 13 جون کو اسرائیلی وزیر اعظم کی پریس ٹاک کو ڈیجیٹل طور پر ایڈیٹ کیا گیا تاکہ یہ ظاہر کیا جا سکے کہ انہوں نے ایران پر حملے کے بعد پاکستان کے جوہری پروگرام پر تنقید کی۔
ریورس امیج سرچ سے معلوم ہوا کہ یہ ویڈیو دراصل 13 جون کو نشر ہونے والے اسرائیلی وزیر اعظم کے سرکاری خطاب کی ہے، جس میں وہی پس منظر دیکھا جا سکتا ہے جو وائرل ویڈیو میں موجود ہے تاہم، اس پوری تقریر کے دوران بنیامین نیتن یاہو نے کسی بھی مقام پر پاکستان کا ذکر نہیں کیا۔
اصل ویڈیو خطاب اسرائیلی حکومت کی آفیشل ویب سائٹ پر دیکھا جا سکتا ہے، جیو فیکٹ چیک نے 13 جون کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم کے دیگر نشریاتی خطابات کا بھی جائزہ لیا، مگر کسی بھی خطاب میں پاکستان سے متعلق ایسا کوئی بیان نہیں ملا۔
فیصلہ: نہ تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کو ایران-اسرائیل جنگ سے دور رہنے کا مشورہ دیا اور نہ ہی اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے اپنے حالیہ میڈیا خطاب میں پاکستان کے جوہری پروگرام پر کوئی تنقید کی۔
ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔
اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔
Leave a Reply