
برطانیہ کے جدید ترین ایف 35 بی لڑاکا طیارے نے ہفتے کی شب ایندھن کی کمی کے باعث بھارتی ریاست کیرالہ کے ترواننتاپورم انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی جس کے بعد پائلٹ نے طیارہ چھوڑنے سے انکار کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق برطانوی رائل نیوی کے فلیگ شپ ائیرکرافٹ کیریئر ایچ ایم ایس پرنس آف ویلز سے اڑان بھرنے والے اس طیارے نے رات 9 بج کر 20 منٹ پر ائیر ٹریفک کنٹرول سے لینڈنگ کی اجازت طلب کی اور 10 منٹ بعد بحفاظت لینڈ کر گیا۔
طیارے سے اترنے کے بعد پائلٹ، جس کی شناخت صرف ’مائیک‘ کے نام سے ہوئی ہے، نے طیارے سے دور جانے سے منع کرتے ہوئے طیارے کے ساتھ ہی بیٹھنے کے لیے ایک کرسی طلب کی۔
بھارتی فضائیہ کے اہلکار جب پائلٹ کو حفاظتی ضوابط کے تحت ائیرپورٹ کے اندر لے جانے آئے تو اس نے فوری طور پر ان کے ساتھ جانے سے بھی انکار کر دیا اور طیارے کے قریب کرسی پر ہی بیٹھا رہا، تاہم کچھ دیر پائلٹ بھارتی فضائیہ کے اہلکاروں کے ساتھ ائیرپورٹ کے اند چلا گیا۔
بھارتی فضائیہ نے اتوار کو جاری بیان میں کہا کہ وہ اس واقعے سے مکمل طور پر آگاہ تھی اور یہ کہ طیارےکے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے گئے۔
Leave a Reply