
امریکا کی جانب سے اسرائیل کو ایران پر حملے سے قبل خفیہ انداز میں سیکڑوں ہیل فائر میزائلز فراہم کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعہ کو ایران پر اسرائیل کے حملے سے قبل امریکا نے اسرائیل کو تقریباً 300 ہیل فائر میزائلز بھیجے تھے جو اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ اسرائیل ایران پر حملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔
2 امریکی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اتنی بڑی مقدار میں ہیل فائر میزائلز کی منتقلی سے پتا چلتا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اسرائیل کے ایران پر حملے کے منصوبے سے بخوبی واقف تھی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کیےگئے انکشاف کے مطابق اسرائیل کے ایران پر کیے گئے حملے تک ہیل فائر میزائلز سمیت دیگر ہتھیاروں کی بڑی مقدار کی ترسیل کی خبر خفیہ رکھی گئی اور اسے کہیں رپورٹ نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب رائٹرز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں امریکی حکام نے یہ بھی بتایا کہ امریکی فوج نے اسرائیل کی جانب بڑھنے والے ایرانی میزائلوں کو مار گرانے میں بھی مدد کی۔
امریکی حکام نے مزید بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ حالیہ مہینوں کے دوران اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔
ہیل فائر میزائل کیا ہیں؟
ہیل فائر لیزر گائیڈڈ اور ہوا سے زمین پر مار گرانے والے میزائل ہیں جو اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر بمباری کے بجائے درست طریقے سے رہنمائی کرنے والے حملوں میں استعمال ہوں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہیل فائر میزائل کو 1980 کی دہائی میں ایک اینٹی ٹینک میزائل کے طور پر ڈیزائن کیا گیا تھا ، ہیل فائر میزائل دنیا بھر میں جنگوں میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتے ہیں، ان درست طریقے سے رہنمائی کرنے والے میزائلوں کو ہیلی کاپٹروں اور بغیر پائلٹ کے ڈرونز پر نصب کیا جا سکتا ہے۔
Leave a Reply