اسرائیل کیساتھ امریکا کو بھی حملے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی: ایرانی افواج


اسرائیل  کیساتھ امریکا کو بھی حملے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی: ایرانی افواج

فوٹو: فائل

ایرانی فوج نے اسرائیلی حملوں پر باضابطہ ردعمل میں کہا ہے کہ  اسرائیل کو حملے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

ایرانی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے نمائندے ابراہیم رضائی نے اسرائیل کو ایران کے جوابی حملے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تل ابیب کی کارروائیوں کا بھرپورجواب دیا جائےگا۔ 

ترجمان سربراہ ایرانی افواج کے مطابق اسرائیل کے ساتھ ساتھ امریکا کو بھی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

 بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے کہا کہ دشمن نے ایران پر حملہ کرکے سنگین غلطی کی ہے ۔ ایران بھرپورجواب دےگا۔ 

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے یہ حملے امریکا کی مدد سے کیے۔ اب دشمن ایران کےجواب کا انتظار کرے۔ 

واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملے کیے گئے ہیں جس میں جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، ان حملوں میں پاسداران انقلاب کے سربراہ حسین سلامی اور جوہری سائنسدان شہید ہوگئے۔

ایرانی میڈیا نے دارالحکومت تہران کے شمالی، مغربی اور وسطی علاقوں پرحملےکی تصدیق کی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں متعدد رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے،  رہائشی علاقے پر اسرائیلی حملے میں متعدد افرادجاں بحق ہوئے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

ایرانی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ اصفحان صوبے میں بھی دھماکوں کی آواز سنی گئی ہے۔ 

ادھر ایران نے تہران کے امام خمینی ہوائی اڈے پر تمام پروازیں معطل کر دیں اور  ایرانی قیادت کا اعلیٰ سکیورٹی اجلاس بھی جاری ہے۔جبکہ ملک کا فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر الرٹ ہے۔

واضح رہے کہ ایران پر یہ حملے اتوار کو طے امریکا ایران بلواسطہ مذاکرات سے 2 روز پہلے کیے گئے ہیں اورایرانی حکام نے خبردار کیا تھا کہ اگر اسرائیل نے جارحیت کی تو سخت جواب دیا جائےگا۔ 

دوسری جانب ایران کی جانب سے جوابی بیلسٹک حملوں کا خدشہ ہونے کے سبب اسرائیل میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ اسرائیل میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی اورنیتن یاہو حکومت نے شہریوں کوبم شیلٹرز کے قریب رہنےکامشورہ دیا ہے۔ 



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *