پاک بھارت جنگ بندی میں امریکا کا واضح کردار


پاک بھارت جنگ بندی میں امریکا کا واضح کردار

 پاک بھارت جنگ بندی کے حوالے سے امریکی کردار واضح ہے۔ صدر ٹرمپ امن کے داعی ہیں:  سفیر رضوان سعید—فوٹو: فائل

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سےپاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں کلیدی کردار کو چھپانے سے متعلق مودی سرکار کی کوششیں کسی صورت کامیاب نہیں ہو پار ہیں۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے واضح کیا ہے کہ پاک بھارت جنگ بندی کے حوالے سے امریکی کردار واضح ہے۔ صدر ٹرمپ امن کے داعی ہیں۔

امریکا میں مختلف ذرائع ابلاغ کو انٹرویو میں سیفر پاکستان نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے کے حوالے سے امریکی قیادت کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے بذات خود جنگ بندی کا اعلان اس حوالے سے امریکی کردار کو واضح کرتا ہے۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل میں پیش رفت کے حوالے سے امریکی صدر کی کوششوں کی قدر کرتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ صدر ٹرمپ ان کوششوں کو جاری رکھیں گے اور معاملے کو طے شدہ طریقہ کار کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

پہلگام واقعہ کے بعد بھارت کے یکطرفہ اقدام کو ہدف تنقید بناتے ہوئے رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کا رویہ لاقانونیت کے تسلسل کا مظہر ہے۔ سندھ طاس معاہدے میں یکطرفہ طور پر معاہدے کو منقطع کرنے یا معطل کرنے کی کوئی شق یا گنجائش نہیں۔

سفیر نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے 25 کروڑ کی آبادی کا پانی روکنا اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا۔ساتھ ہی انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ بین الاقوامی برادری کسی طور پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے غیر قانونی اور غیر انسانی عمل کی حمایت نہیں کرے گی۔

سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ بھارتی قیادت کے بیانات کشیدگی کو ہوا دینے کا سبب بن رہے ہیں۔ یہ بیانات ہندوتوا کی دہشت گردانہ سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔ ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ بھارتی پارلیمنٹ میں اکھنڈ بھارت کا نقشہ تسلط پسندانہ سوچ اور مذموم مقاصد کی نشاندہی ہے۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ بھارتی قیادت کا داخلی ضرورتوں کے لیے پاکستان کارڈ کھیلنا اور قومیت کو ہوا دینا انتہائی خطرناک روش ہے۔انہوں نے اشارہ کیا کہ مودی سرکار کی جانب سے نفرت کا بیانیہ انتخابی خساروں کی پردہ پوشی کے لیے ہے۔

بلوچستان میں دہشت گردی کی حالیہ واردات سے متعلق سوال پر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ بلوچستان میں بھارت کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔بلوچستان میں معصوم بچوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے دہشت گرد اور ان کے نظریاتی اور مالیاتی سرپرست انسانیت کی بدترین مثال ہیں۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *