
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت جنگ بندی کا سہرا اپنے سر لیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی۔
وائٹ ہاؤس میں جنوبی افریقا کے صدر رامافوسا سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستان بھارت جنگ بندی معاہدے کی تعریف کی۔
ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی۔
پاکستان کے لوگ بہترین اور اس کے رہنما عظیم ہیں: ٹرمپ
امریکی صدر نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ میں نے پاکستان اور بھارت سے کہا کہ تم لوگ یہ کیا کر رہے ہو؟ دونوں ممالک کے درمیان مسئلہ بڑھتا جا رہا تھا ۔ پاکستان کے لوگ بہترین اور اس کے رہنما عظیم ہیں، بھارت میں مودی میرا دوست ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکا پاکستان اور بھارت کے ساتھ بڑے معاہدے کر رہا ہے۔
پاک بھارت جنگ بندی دوطرفہ تھی، اس میں ٹرمپ کا کوئی کردار نہیں، بھارت
گزشتہ دنوں بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں امریکی کوششوں کا سرے سے انکار کیا تھا۔
پیر کو بھارت کے سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت فائربندی قطعی طور پر دوطرفہ تھی، امریکی صدر ٹرمپ کا جنگ بندی میں کوئی کردار نہیں تھا۔
بھارتی سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ ٹرمپ نے ہم سے بیچ میں آنے کی اجازت نہیں لی، ٹرمپ خود ہی اسٹیج پر آنا چاہتے تھے اور وہ آگئے۔
واضح رہے کہ 10 مئی کو ڈونلڈ ٹرمپ نے ہی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔
Leave a Reply