
بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاکستان کی عالمی سطح پرپذیرائی کا سلسلہ جاری ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے نے بھارت کی حکمتِ عملی کو ناکام قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کو فوجی محاذ پربرتری حاصل ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت فیصلہ کن ضرب لگانے میں ناکام رہا، پاکستان کی فضائی طاقت بھارت کیلئے چیلنج ہے کیونکہ اسے اربوں خرچ کرکے بھی فائدہ نہ ہوا۔
اخبار کی رپورٹ کے مطابق رافیل جیسے جدید بھارتی طیاروں کی تباہی بھارت کیلئے ’تضحیک آمیزشکست‘ ہے، پاکستان فضائیہ، فضاؤں کی حکمران ہے، پاکستانی طیاروں نےجدید میزائل استعمال کرکے 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے۔
اخبار کا کہنا ہے کہ پاکستان نے رافیل جیسے مہنگے بھارتی طیارے گرا کر اپنی فضائی برتری ثابت کردی، رافیل گرا کر پاکستان نے عالمی سطح پرعسکری ماہرین کو حیران کردیا۔
خلیجی میڈیا کے مطابق تاریخ میں پہلی بار رافیل طیارے تباہ کیےگئے ہیں۔
خیال رہےکہ حال ہی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی فضائی جھڑپ نے دنیا بھر کی توجہ حاصل کرلی ہے اور اسے جدید فضائی ہتھیاروں، پائلٹوں کی مہارت اور لڑاکا طیاروں کی کارکردگی کو جانچنے کا ایک بہترین موقع قرار دیا جارہا ہے۔
چینی ساختہ پاکستانی لڑاکا طیاروں اور فرانسیسی ساختہ بھارتی رافیل طیاروں کے درمیان ہونے والی اس فضائی جھڑپ کا دنیا بھر کی افواج تجزیہ کریں گی تاکہ مستقبل کی جنگوں میں برتری حاصل کرنے کیلئے قیمتی معلومات حاصل کی جا سکیں۔
پاکستان نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی حملوں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے 5 بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا جن میں 3 رافیل طیارے بھی شامل تھے، پاکستانی حکام کے مطابق پاک فضائیہ نے رافیل طیاروں کے خلاف چینی ساختہ جے10 طیارے استعمال کیے تھے۔
سینیئر پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے امریکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی اس لڑائی میں دونوں طرف کے تقریباً125 طیارے شریک تھے، دونوں ملکوں کے جنگی طیارے اپنی فضائی حدود سے باہر نہیں نکلے۔ اس لڑائی کے دوران کچھ موقعوں پر 160 کلومیٹر کے فاصلے سے بھی ایک دوسرے پر میزائل داغےگئے۔
بی بی سی جنوبی ایشیا کے ریجنل ایڈیٹر اینبرسن اتھرجان نےکہا ہےکہ بھارت کو یہ بات ماننی پڑے گی کہ پاکستان کی فضائی طاقت بھارت سے زیادہ ہے۔
برطانوی صحافی نے کہا کہ بھارت نے اربوں ڈالرزکا اسلحہ خریدا تھا اس کے باوجود ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
Leave a Reply