یورپی ممالک کی یورو وژن میں اسرائیل کی شرکت کی مخالفت، مقابلے کے بائیکاٹ کی دھمکی


یورپی ممالک کی یورو وژن میں اسرائیل کی شرکت کی مخالفت، مقابلے کے بائیکاٹ کی دھمکی

فوٹو: فائل

موسیقی کے مقابلے یورو وژن 2026 میں اسرائیل کی شمولیت پر آئرلینڈ، اسپین اور سلووینیا نے مخالفت کرتے ہوئے مقابلے کے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی۔

آئرش سرکاری نشریاتی ادارے آر ٹی ای (RTE) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر اسرائیل کو یورووژن 2026 میں شامل کیا گیا تو آئرلینڈ اس مقابلے میں حصہ نہیں لے گا۔ آئرلینڈ کی حتمی شرکت کا فیصلہ یورپی نشریاتی یونین (EBU) کے فیصلے کے بعد کیا جائے گا۔

آر ٹی ای نے مؤقف اپنایا کہ غزہ میں جاری خوفناک اور بدترین جانی نقصانات کے پیش نظر اس مقابلے میں اسرائیل کے شرکت ضمیر کے خلاف ہوگی۔ ادارے نے غزہ میں صحافیوں کو ہدف بنا کر قتل کرنے، بین الاقوامی صحافیوں کو رسائی نہ دینے اور باقی ماندہ مغویوں کی حالت پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔

اسی سلسلے میں اسپین کے وزیر ثقافت ارنست اورتاسن نے پیر کو ایک ٹی وی پروگرام میں کہا کہ اگر اسرائیل کو مقابلے سے نہیں نکالا گیا تو اسپین کے لیے سخت اقدامات ناگزیر ہو سکتے ہیں۔ 

ان کے مطابق حکومت نے اس مقابلے سے اسرائیل کے اخراج کا باضابطہ مطالبہ کیا ہے اور خبردار کیا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو  سخت اقدامات پر غور کیا جائے گا، کیونکہ اسرائیل کی شرکت غزہ میں جاری جارحیت کے دوران اس کے کردار کو ’نارملائز‘ کرنے کے مترادف ہوگی۔

گزشتہ جمعے کو سلووینیا کے سرکاری نشریاتی ادارے آر ٹی وی سلووینیا نے بھی اعلان کیا کہ اگر اسرائیل کو آئندہ برس یورووژن میں شامل کیا گیا تو سلووینیا اس مقابلے میں حصہ نہیں لے گا۔ ادارے نے اس فیصلے کو فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی قرار دیا۔

یاد رہے کہ یورپی نشریاتی یونین نے براڈکاسٹرز کو مقابلے میں شرکت کی تصدیق کے لیے وسط دسمبر تک کی مہلت دے رکھی ہے، جبکہ اسرائیل کی شمولیت پر حتمی فیصلہ 4 اور 5 دسمبر کو جنیوا میں ہونے والے اجلاس میں متوقع ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *