‘یا علی’ گانے سے شہرت پانیوالے بھارتی گلوکار اسکوبا ڈائیونگ کے دوران چل بسے


یا علی گانے سے شہرت پانیوالے بھارتی گلوکار اسکوبا ڈائیونگ کے دوران چل بسے

گلوکار زوبین آج سنگاپور میں نارتھ ایسٹ فیسٹیول میں پرفارم کرنے والے تھے—فوٹو: فائل

بھارت کے معروف گلوکار اور موسیقار زوبین گرگ اسکوبا ڈائیونگ کے دوران  انتقال کر گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ فلم گینگسٹر کے گانے ‘یا علی’ سے شہرت  حاصل کرنے والے گلوکار و موسیقار  زوبین گرگ  سنگاپور میں اسکوبا ڈائیونگ کے دوران انتقال کر گئے۔ان کی عمر 52 سال تھی۔

گلوکار  زوبین  آج سنگاپور میں نارتھ ایسٹ فیسٹیول میں پرفارم کرنے والے تھے۔

رپورٹس کے مطابق  زوبین گرگ کو سنگاپور پولیس نے پانی سے  نکال کر   اسپتال منتقل کیا تھا ڈاکٹروں نے انہیں آئی سی یو میں رکھا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ 

نارتھ ایسٹ فیسٹیول کے منتظمین نے ایک بیان میں کہا کہ بہت دکھ کے ساتھ ہم زوبین کے انتقال کی خبر شیئر کر رہے ہیں۔ اسکوبا ڈائیونگ کے دوران انہیں سانس لینے میں دشواری پیش آئی، فوری طور پر سی پی آر دیا گیا اور اسپتال منتقل کیا گیا لیکن تمام کوششوں کے باوجود وہ آئی سی یو میں دم توڑ گئے۔

زوبین کی اچانک موت نے ان مداحوں اور شوبز انڈسٹری کو صدمے میں ڈال دیا ہے۔

زوبین نے 2006 کی بالی وڈ فلم گینگسٹر  کے گانے ‘یا علی’ سے شہرت حاصل کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے کئی مشہور گانے دیے جس میں فلم کرش 3 کا گانا”دل تو ہی بتا” اور فلم  پیار کے سائیڈ ایفیکٹس کا گانا “جانے کیا چاہے من’ وغیرہ شامل ہیں۔

زوبین ہندی کے ساتھ ساتھ آسام، بنگالی، نیپالی اور کئی دیگر زبانوں میں بھی گانے گاتے رہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *