اسرائیل نے بھی ایرانی مظاہرین کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
اسرائیلی وزیر خارجہ گیدون سار نے کہا ہے کہ اسرائیل ایران میں حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والوں کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اسرائیلی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام آزادی کے مستحق ہیں، ہماری اُن سے کوئی دشمنی نہیں، ہمیں ایرانی حکومت سے مسئلہ ہے جو دہشت گردی اور انتہاپسندی کی سب سے بڑی برآمدکنندہ ہے اور ایرانی حکومت صرف ہمارا ہی نہیں بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی مسئلہ ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ایرانی مظاہروں کا مشاہدہ کر رہے ہیں، آزادی کے مظاہرے پورے ایران میں پھیل گئے ہیں، اسرائیل ایرانیوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرتا ہے اور مظاہروں میں معصوم شہریوں کے قتل کی مذمت کرتا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کابینہ سے اجلاس میں کہا کہ امید ہے کہ ایرانی قوم جلد جبر و ظلم سے آزاد ہوجائے گی، جب وہ دن آئے گا تو اسرائیل اور ایران اپنے عوام کے پُرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے ایک بار پھر وفادار شراکت دار بن جائیں گے۔
علاوہ ازیں امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو سے اسرائیلی وزیراعظم کی فون پر گفتگو ہوئی جس میں ایران میں مظاہروں، غزہ اور شام کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
خیال رہے کہ ایران میں 14 روز سے احتجاجی مظاہرے جاری ہے اور ایرانی انسانی حقوق تنظیم کے دعوے کے مطابق دو ہفتے سے جاری مظاہروں میں 192 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔






















Leave a Reply