یقین کرنا مشکل ہوگا مگر ایک مچھلی گاڑی بھی ڈرائیو کرسکتی ہے۔
جی ہاں واقعی نیدرلینڈز کے ایک انجینئر نے اپنی پالتو مچھلی کے لیے ایک گاڑی تیار کی ہے۔
بلب نامی گولڈ فش نے اس گاڑی کو ایک منٹ میں 40 فٹ کے فاصلے تک ڈرائیو کرکے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
تھامس ڈی وولف نامی انجینئر نے 4 پہیوں والی گاڑی کو تیار کیا جس کی ڈرائیور سیٹ پر ایک واٹر ٹینک نصب ہے۔
یہ گاڑی واٹر ٹینک کے اندر تیرنے والی مچھلی کی حرکات کا تجزیہ کرکے آگے بڑھتی ہے اور اب گنیز ورلڈ ریکارڈز کا حصہ بن گئی ہے۔
تھامس وولف نے بتایا کہ ‘میں کچھ ایسا بنانا چاہتا تھا جس سے لوگ لطف اندوز ہوں اور میری سنجیدہ ملازمت کچھ پرلطف ہو جائے’۔
انہوں نے بتایا کہ اگرچہ یہ گاڑی عملی طور پر مچھلی ڈرائیو نہیں کرتی بلکہ مشن سنسنگ ٹیکنالوجی اسے چلانے میں مدد فراہم کرتی ہے مگر یہ ٹیکنالوجی معذور افراد کے لیے بھی کارآمد ثابت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘اس کا مقصد یہ ثابت کرنا تھا کہ اس طرح کی ٹیکنالوجی سے کیا کچھ کیا جاسکتا ہے حالانکہ یہ سنجیدہ کام نہیں تھا مگر مجھے خوشی ہوگی کہ مستقبل میں یہ ایسے افراد کے لیے مددگار ثابت ہو جن کے لیے چلنا پھرنا ممکن نہیں ہوتا’۔


























Leave a Reply