کینیڈا بھارتی شہریوں کے عارضی ویزہ درخواستیں بڑے پیمانے پر منسوخ کرنے پر غور کرنے لگا


کینیڈا بھارتی شہریوں کے عارضی ویزہ درخواستیں بڑے پیمانے پر منسوخ کرنے پر غور کرنے لگا

فوٹو: فائل

اوٹاوا :کینیڈین حکومت نے  امیگریشن کے محکمے کو  عارضی ویزوں کو بڑے پیمانے پر منسوخ کرنے کا اختیار دینے پر غور شروع کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اقدام خاص طور پر بھارت اور بنگلادیش کے درخواست دہندگان کو متاثر کر سکتا ہے۔

کینیڈا کے مقامی میڈیا کے مطابق  امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا (IRCC) اور کینیڈا بارڈر سروسز ایجنسی (CBSA) نے حکومت سے اجتماعی طور پر ویزے منسوخ کرنے کا اختیار مانگا ہے تاکہ اگر کسی بڑے پیمانے پر جعلسازی یا غلط استعمال کے شواہد ملیں تو انہیں ایک ایک درخواست کے بجائے اجتماعی طور پر منسوخ کیا جا سکے۔

دستاویزات کے مطابق، اس تجویز کے تحت کینیڈا کو قانونی طور پر یہ حق حاصل ہوگا کہ مخصوص حالات   جیسے فراڈ، جنگ یا صحت عامہ کے بحران  کی صورت میں اجتماعی طور پر ویزے منسوخ کیے جا سکیں، جس سے امیگریشن کی وزارت کو فوری کارروائی کا قانونی اختیار مل جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کینیڈین ادارے اپنے امریکی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر ایک ورکنگ گروپ تشکیل دے چکے ہیں جو ویزا مسترد کرنے اور منسوخ کرنے کے اختیارات میں اضافے پر کام کر رہا ہے۔

اگرچہ مسودہ قانون میں کسی مخصوص ملک کا نام واضح طور پر نہیں دیا گیا، تاہم مقامی میڈیا کے مطابق داخلی پریزنٹیشن میں بھارت اور بنگلادیش کو ’مخصوص چیلنجز والے ممالک‘ کے طور پر نشان زد کیا گیا ہے۔

کینیڈین حکومت کی جانب سے یہ غور و فکر ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بھارتی شہریوں کی جانب سے سیاسی پناہ کی درخواستوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ عارضی ویزا نظام میں جعلسازی کے بڑھتے ہوئے کیسز اور دستاویزات کی تصدیق میں مشکلات کے باعث کینیڈین حکام اس نظام پر مزید سختی سے نظرثانی کر رہے ہیں۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *