
پرتگال سے تعلق رکھنے والے دنیائے فٹبال کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی فٹبال کلب النصر کو چھوڑنے کا عندیہ دے دیا۔
40 سالہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے گزشتہ روز اپنے کلب النصر کے سیزن کے آخری میچ کے چند گھنٹوں بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس ( سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ جاری کی جس کے بعد ان کے مداح تشویش میں مبتلا ہوگئے۔
النصر نے سعودی پرو لیگ میں اپنے سیزن کا اختتام الفتح کے ہاتھوں 3-2 کی شکست کے ساتھ کیا اور لیگ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
رونالڈو کی شمولیت سے النصر کلب کوئی بھی ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہا اور مایوس کن طور پر نہ تو فیفا کلب ورلڈ کپ اور نہ ہی ایشین چیمپئنز لیگ میں جگہ بنا سکا۔
الفتح کے ہاتھوں شکست کے بعد رونالڈو نے النصر کلب کی جرسی پہنے ایکس پر اپنی تصویر اپ لوڈ کی اور ساتھ لکھا کہ ‘یہ باب ختم ہو چکا ہے پر کہانی؟ ابھی لکھی جا رہی ہے، سب کا شکر گزار ہوں’۔
مداحوں کو اس پوسٹ سے عندیہ ملا کہ رونالڈو جلد ہی سعودی فٹبال کلب کو خیر باد کہہ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ رونالڈو نے جنوری 2023 میں سعودی کلب النصر میں شمولیت اختیار کی تھی اور اب اگلے ماہ ان کے معاہدے کی مدت بھی ختم ہورہی ہے۔
رونالڈو کا مستقبل کیا ہے، کیا وہ کلب ورلڈ کپ میں کھیلتے ہوئے نظر آ سکتے ہیں؟
گزشتہ ہفتے فیفا کے صدر نے عندیہ دیا تھا کہ اگر النصر کلب ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکا تو رونالڈو کلب ورلڈ کپ میں کسی ایسی ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں جو اس ایونٹ میں شرکت کر رہی ہو۔
فیفا کلب ورلڈ کپ اگلے ماہ امریکا میں شیڈول ہے جس میں 32 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
رونالڈو کس ٹیم میں شامل ہو سکتے ہیں؟
دنیا میں صرف چند ہی فٹبال کلب ایسے ہیں جو کرسٹیانو رونالڈو کو بھاری معاوضہ دے سکتے ہیں۔
رونالڈو نے 2023 میں النصر میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے فٹبال کی تاریخ کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا، ان کا سالانہ معاہدہ 177 ملین پاؤنڈ مالیت کا تھا۔
ممکن ہے کہ رونالڈو کلب ورلڈ کپ میں کھیلنے کے لیے کسی کلب کے ساتھ مختصر مدت کا معاہدہ کرنے پر آمادہ ہو جائیں، جس کے بعد وہ اپنے مستقبل کا ازسرِ نو جائزہ لیں۔
اس حوالے سے اسپین کے ایک اخبار نے گزشتہ ہفتے دعویٰ کیا تھا کہ برازیل کے کلب نے رونالڈو کو سائن کرنے کی پیشکش کی ہے۔
Leave a Reply