
کولمبیا کے شہر کالی میں ایئربیس پر حملے میں 5 افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کولمبیا کے علاقے کالی میں ائیربیس پر کاربم دھماکا اور ڈرونز سے حملہ کیا گیا جس میں 5 افراد ہلاک اوردرجنوں زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کا ہدف ملٹری ایوی ایشن اسکول تھا۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتیں بھی لرز اٹھیں اور لوگوں نے قریبی عمارتیں بھی خالی کردیں۔
65 سالہ عینی شاہد نے خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ ائیر بیس کے قریب زور دار دھماکے کی آواز آئی۔ بہت زیادہ لوگ زخمی ہوئے۔ بیس کے سامنے کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔
کالی کے میئر نے ابتدائی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کم از کم 5 افراد ہلاک اور 36 زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید دھماکوں کے خدشے کے پیش نظر شہر میں بڑے ٹرکوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی۔
رپورٹس کے مطابق حملے میں زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔دھماکے سے علاقے میں افراتفری پھیل گئی ہے ۔امدادی کارکن فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔
تاحال حملے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔البتہ گورنر نے اسے دہشت گرد حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ہمیں شکست نہیں دے سکتے۔
Leave a Reply