کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی کئی گھنٹےگزرنے کے بعد بھی بحال نہ ہوسکی


کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی کئی گھنٹےگزرنے کے بعد بھی بحال نہ ہوسکی

فوٹو: فائل

کراچی  کے مختلف علاقوں  میں  منگل کے  روز  بارش کے بعد سے معطل ہونے والی بجلی کی فراہمی کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بحال نہ ہوسکی۔ کے الیکٹرک کا دعویٰ  ہےکہ  شہر کے 94 فیصد  سے  زائد  علاقوں کو  بجلی کی فراہمی بحال کردی ہے۔

کراچی میں گزشتہ روز بارش شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی۔ بجلی کی فراہمی بحال ہونے میں کئی گھنٹے لگ گئے اور متعدد علاقوں میں 24 گھنٹوں کے بعد بجلی آئی جب کہ بعض علاقوں میں عوام ابھی تک بجلی کے انتظار میں ہیں۔

نارتھ ناظم آباد بلاک جی میں 45 گھنٹے سے بجلی معطل ہے،  نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے اور  یہاں 4گھنٹے سے بجلی بند ہے۔

گلستان جوہر بلاک 8 میں 32 گھنٹوں سےبجلی معطل ہونے پر شہریوں نے احتجاج کیا، شہریوں کا کہنا تھا کہ فنی خرابی دور نہ ہونے سے پانی کی قلت اور سخت دشواری کا سامنا ہے۔گلستان جوہر بلاک 2 میں بھی گزشتہ روز سے بجلی بند ہے۔

کراچی بارایسوسی ایشن کوآپریٹوسوسائٹی کے سیکٹر24 اےکےمختلف علاقوں میں 36 گھنٹے سے بجلی معطل ہے۔ شہریوں کا کہنا ہےکہ  36 گھنٹوں سے بجلی معطل ہونے سے گھروں میں پانی بھی ختم ہوچکا ہے، کے الیکٹرک کو  متعدد بار شکایات کے باجود بھی بجلی بحال نہیں ہوئی۔

جیل روڈ اور جمشید روڈ پر صبح 10 بجے سے بجلی فراہمی معطل ہے۔ المسلم ہاؤسنگ سوسائٹی اسکیم 38 میں کل سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

 شام 6 بجے تک94 فیصد سے زائد علاقوں کو بجلی کی فراہمی بحال کردی: کے الیکٹرک 

دوسری جانب چیف ایگزیکٹوکے الیکٹرک  مونس علوی کا کہنا ہےکہ  شام 6 بجے تک شہرکے 94 فیصد سے زائد علاقوں کو بجلی کی فراہمی بحال کردی ہے۔

 چیف ایگزیکٹو کے الیکٹرک کے مطابق بارش کے دوران بجلی کے 500 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوئے تھے۔ شہر کے 94 فیصد سے زائد علاقوں کو بجلی کی فراہمی بحال کردی ہے اور 150 فیڈرز  پر بجلی بحالی کا کام جاری ہے۔ بارش کی وجہ سے کے الیکٹرک فیلڈ اسٹاف کو فالٹ والے مقامات تک پہنچنے میں مشکلات تھیں۔

ادھر  منگل کے دن طوفانی بارش کے دوران 2 بھائیوں کے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے کا مقدمہ تھانہ شاہ فیصل کالونی میں والد کی مدعیت میں کے الیکڑک کے اعلیٰ حکام کے خلاف درج کرلیا گیا۔

کراچی کے علاقے ناتھا خان گوٹھ میں گزشتہ روز کرنٹ لگنے سے 2  بھائی جان کی بازی ہارگئے تھے ، مرنے والوں کی شناخت 21 سال کے مراد ولد سلطان اور 16 سال کے سراج ولد سلطان کے نام سے ہوئی۔

 پولیس نے واقعےکا مقدمہ والد  کی مدعیت میں تھانہ شاہ فیصل کالونی میں درج کرلیا ، مقدمے میں قتل خطاء کی دفعہ شامل کی گئی ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *