کراچی کے علاقے ڈیفنس میں تیز رفتار کار کی ٹکر سے جان سے جانے والے آن لائن فوڈ ڈیلیوری رائیڈر فرحان کے والد گل زمان جوکھیو نے کار چلانے والے لڑکے کو معاف کر دیا۔
فرحان جنگ شاہی کے گاؤں بکھر جوکھیو کا رہنے والا تھا، اس کے والدکا کہنا ہےکہ انہوں نے بغیرکسی دباؤ کے اللہ کی رضا کے لیے کار سوار کو معاف کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثےکے بعدکارسوار کی فیملی ہی بیٹےکو اسپتال لےگئی اور اسپتال کا ایک لاکھ روپےکا بل بھی دیا۔
گل زمان جوکھیو کے مطابق فرحان سب سے بڑا بیٹا اورگھرکا کفیل تھا، فرحان کی عیدکے بعد شادی طے تھی۔
پولیس کے مطابق بے قابو گاڑی کے ڈرائیور کو تفتیش کے بعد چھوڑ دیا ہے۔
خیال رہے کہ ایک روز قبل ڈیفنس خیابان اتحاد سحر کمرشل کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں تیز رفتار گاڑی کو بے قابو ہوکر سڑک کے دوسری جانب آتے دیکھا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر حازم بنگوار کا کہنا ہے کہ کار سوار حسن بنگوار سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔


























Leave a Reply