کراچی ڈیفنس میں تشدد کے شکار نوجوان کے اہلخانہ گھرکو تالا لگا کر کہیں اور منتقل ہوگئے


کراچی ڈیفنس میں تشدد کے شکار نوجوان کے اہلخانہ گھرکو تالا لگا کر کہیں اور منتقل ہوگئے

فوٹو: اسکرین شاٹ

کراچی ڈیفنس میں ملزم سلمان فاروقی کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والا نوجوان اور اہلخانہ گھرکو تالا لگا کر کہیں اور چلےگئے۔

متاثرہ موٹر سائیکل سوار نوجوان سدھیر رنچھوڑ لائن کا رہائشی ہے اور وہ واقعے کے وقت اپنی بہن کلپنا کے ساتھ گھر جارہا تھا۔

نمائندہ جیو نیوز کو علاقہ مکینوں نے بتایا کہ دونوں بہن بھائی ملازمت پیشہ ہیں اور واقعےکے وقت بھائی اپنی بہن کو آفس سے لےکر  گھر آرہا تھا۔

واقعے کے بعد رات سے ہی متاثرہ خاندان فلیٹ چھوڑ کر کہیں اور منتقل ہوگیا، مکمنہ طور پر وہ کسی دباؤ کے باعث خوف کا شکار ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق متاثرہ خاندان نے اب تک کسی سے رابطہ نہیں کیا ہے۔

خیال رہےکہ ڈیفنس خیابان اتحاد میں ملزم سلمان فاروقی نے خود ہی عدالت لگالی تھی اور مبینہ طور پر موٹرسائیکل ٹکرانے پر نوجوان پر اُس کی بہنوں کے سامنے تشدد کیا تھا۔

واقعےکی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو پولیس فوری حرکت میں آئی اور واقعے کے وقت موجود ایک شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا، پولیس کی جانب سے  ملزم کے دفتر اور گھر پر چھاپے مارے گئے اور اس  کے ڈرائیور اور سکیورٹی گارڈکو گرفتار کرلیا، بعدازاں ملزم سلمان فاروقی کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ  تشدد کے شکار شہری سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔

ڈی آئی جی اسدرضا کے مطابق عینی شاہد محمد اسلم کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ گزری تھانہ میں دھمکیوں،دست اندازی اور حبس بےجا میں رکھنےکی دفعات کےتحت درج کیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن میں مؤقف اپنایا گیا کہ ملزم نے اسلحہ کے زور پر موٹرسائیکل سوار شخص کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

ڈی آئی جی ساوتھ اسد رضا نے مزید کہا کہ کوئی شخص قانون سے بالاتر نہیں اور متاثرہ شہری کو مکمل انصاف ملےگا۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے بھی خیابان اتحاد میں پیش آئے واقعے کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں ہے، واقعے کی مکمل چھان بین کر کے رپورٹ پیش کی جائے، قانون تمام شہریوں کے لیے برابر ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *