
کراچی میں حالیہ بارش کے بعد اربن فلڈنگ سے شہریوں کو درپیش مشکلات پر معروف پاکستانی ریپ گلوکار طلحہ انجم کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث مختلف حادثات سے اموات کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔
کراچی میں کل کی سیلابی صورتحال کے اثرات آج بھی شہر کی سڑکوں پر خراب گاڑیاں اورگڑھوں کی صورت نظر آرہے ہیں۔
کل کی سیلابی صورتحال کے بعد اہم شاہراہوں سے پانی کی نکاسی کا سلسلہ جاری ہے،۔کارساز، ملیر ہالٹ اور دیگر مقامات پر خراب گاڑیاں سڑکوں پر موجود ہیں۔ اولڈ سٹی ایریا، آرام باغ، سندھ ہائی کورٹ، لیاقت آباد، یونیورسٹی روڈ سمیت دیگر علاقوں میں برساتی پانی جمع ہے۔
مون سون ہوائیں خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے ملک کے جنوبی حصے پر اثر انداز ہیں اور ان ہواؤں کے زیر اثر آج مزید جب کہ کل بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،کہیں کہیں تیز موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے، اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی ہے۔

اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے طلحہ انجم نے سندھ گورنمنٹ پر طنز کرتے ہوئےلکھا کہ ‘ کراچی والوں گھبرانا نہیں ہے، اجرک والی نمبر پلیٹ آپ کی گاڑی یا بائیک کو ڈوبنے نہیں دے گی’۔
طلحہ انجم کی پوسٹ پر صارفین کا مختلف قسم کا ردعمل سامنے آیا، بہت سے افراد نے ان کی حمایت کی تو بڑی تعداد میں ان کی پوسٹ پر ناپسندیدگی کا اظہار بھی کیا۔
Leave a Reply