
کراچی میں شدید گرمی اور حبس کے موسم میں پانی اور بجلی کی بندش کے خلاف شہریوں کے احتجاج کا سلسلہ زور پکڑنے لگا۔
نارتھ ناظم آباد سخی حسن ، کورنگی چکرا گوٹھ اور چنیسر گوٹھ کے مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے گھنٹوں تک سڑکیں بند رکھیں۔
کالا پل کورنگی روڈ پر بجلی بندش کے خلاف چینسر گوٹھ کے مکینوں نے احتجاج کیا اور کورنگی روڈ کی دونوں سڑکوں کو رکاوٹیں لگا کر بند کردیا جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔
کورنگی چکرا گوٹھ کے مکینوں نے بھی کورنگی روڈ پر احتجاج کیا ، مشتعل شہریوں نے سڑک بند کر کے نعرے لگائے۔
دوسری جانب نارتھ ناظم آباد سخی حسن ہائیڈرنٹ پر علاقہ مکینوں نے پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا اور اطراف کی سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کردیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں پانی نہیں اور واٹر ہائیڈرنٹس سے ٹینکروں کو مسلسل پانی فراہم کیا جارہا ہے۔
ادھر جماعت اسلامی ضلع ائیرپورٹ کے تحت لوڈشیڈنگ کے خلاف ملیر میں کے الیکٹرک کے دفتر کے سامنے چھٹے روز بھی احتجاجی دھرنا دیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ ماؤں بہنوں کو عید کی تیاری کرنا تھی لیکن کے الیکٹرک کے ظلم کے خلاف دھرنا دیے بیٹھی ہیں، ملیر اور شاہ فیصل میں 18 گھنٹےکی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
منعم ظفر کا کہنا تھا کہ بل پورے بھیجے جاتے ہیں لیکن بجلی نہیں دی جاتی، 20 لاکھ سے 38 لاکھ صارفین ہوگئے ہیں لیکن کے الیکٹرک نے بجلی کی جنریشن میں کمی کردی ہے۔
Leave a Reply