
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کالا باغ ڈیم پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا بیان ذاتی قرار دے دیا۔
ایک بیان میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم پر علی امین گنڈاپور کا بیان ذاتی ہے، پارٹی پالیسی نہیں، ہم نہیں سمجھتے اس وقت کالا باغ ڈیم کی کوئی ضرورت ہے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اس وقت اور بھی چھوٹے چھوٹے ڈیم بنائے جاسکتے ہیں، علی امین کے اپنے علاقے میں چشمہ رائٹ بینک کینال کا ایک پراجیکٹ ہے، اس سے ان کے علاقےکی پانی کی ضرورت پوری ہو جائےگی۔
سینئر رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ متنازع چیزوں کو غیر ضروری طور پر چھیڑنا اچھا نہیں ہے۔
خیال رہےکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہےکہ کالا باغ جیسا ڈیم نہ بنانا ملک اور نسلوں کے ساتھ زیادتی ہے۔
اسلام آباد کے خیبر پختونخوا ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نےکہا کہ کالا باغ ڈیم سے پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کو پانی ملےگا، سندھ کو کالا باغ ڈیم پر ایشوز ہیں، میز پر بیٹھیں بات کریں،کالا باغ ڈیم ملک کی ضرورت ہے لیکن سیاست کی وجہ سے یہ منصوبہ رکا ہواہے، ایسا ڈیم نہ بنانا ملک اور نسلوں کے ساتھ زیادتی ہے۔
گزشتہ روز بھی ایک بیان میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ سب کو مطمئن کرکے آپ کو کالا باغ ڈیم جیسا پروجیکٹ اپنے بچوں، نسلوں اور پاکستان کے لیے مکمل کرنا چاہیے، میں صوبائیت کے چکر میں پورے پاکستان کو نقصان نہیں پہنچاسکتا، پورے پاکستان کے فائدے کو پیچھے نہیں دھکیل سکتا۔
انہوں نے کہا کہ سب کو مطمئن کرکے کالا باغ ڈیم جیسے منصوبے کو اپنے بچوں اور پاکستان کے مستقبل کےلیے بننا چاہیے۔
Leave a Reply