
اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہےکہ کالا باغ جیسا ڈیم نہ بنانا ملک اور نسلوں کے ساتھ زیادتی ہے۔
اسلام آباد کے خیبر پختونخوا ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مریم نوازنے سیلاب کے دوران کال کی اس پر ان کا شکریہ ادا کیا تھا، پنجاب کو سیلاب میں امدادی سرگرمیوں کے لیے مدد کی پیشکش کی ہے، سیلاب کے معاملے پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم سے پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کو پانی ملے گا، سندھ کو کالا باغ ڈیم پر ایشوز ہیں، میز پر بیٹھیں بات کریں، کالا باغ ڈیم ملک کی ضرورت ہے سیاست کی وجہ سے یہ منصوبہ رکا ہواہے، ایسا ڈیم نہ بنانا ملک اور نسلوں کے ساتھ زیادتی ہے۔
علی امین کا کہنا تھا کہ ڈیم مکمل کرنے کے لیے کوئی صوبہ پیسے دینے کو تیار نہیں، میں اب بھی پیسے دینے کو تیار ہوں، بیشک جہاں سے بھی پورے کروں مگر ملک کے لیے پنجاب نے پیسے نہیں دیے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے مزید کہا کہ ملک میں نہ آئین ہے نہ قانون ہے، یہ سیاست نہیں ہورہی، صرف انتقام بازی چل رہی ہے، ملک میں سیاست کا وجود ختم ہوچکا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ گورنر کا کام آئینی ہے، کنڈی کو کئی دفعہ پیغام بھجوایا کہ باز آ جاؤ اور سیاست مت کرو، گورنر کو خیبرپختونخوا سے نکال سکتا ہوں، وہ گھر میری حکومت کی ملکیت ہے، میں نے اسلام آباد ہاؤس سے فیصل کریم کو نکالا، وہ آج تک یہاں نہیں آسکا، پاکستان میں 95 فیصد سیاستدان پیٹرول، سرکاری گاڑی اور سکیورٹی گارڈ پر مرتے ہیں، گورنر فیصل کریم ان میں سے ایک ہیں۔
Leave a Reply