
لاہور: ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہےکہ سیلابی پانی تیزی سے نیچے کی طرف جا رہا ہے اور 24سے 48گھنٹوں میں دریا میں پانی کا بہاؤ معمول پرآنےکی توقع ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ سال مجموعی طورپر غیرمتوقع بارشیں ہوئیں، ستمبر کے آخر تک پہنچ گئے ہیں اور ابھی تک بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ شجاع آباد اور جلال پورپیروالا کے مقام پر 2 بند پر شگاف پڑا جس کے باعث موٹروے کو بند کرکے مرمتی کام جاری ہے جب کہ گوجرانوالا اور گجرات میں نکاسی کی صورتحال بہتر ہے، مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور میں کافی لوگ دریا کے بند پر موجود ہیں، علی پور میں 17 ہزار خاندانوں کیلئے ٹینٹ سٹی بنایا ہے ج بکہ سیلاب متاثرین کیلئے پنجاب بھر میں راشن اور ان کے مویشیوں کے لیے چارے کا انتظام بھی کیاجا رہا ہے۔
ڈی جی کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب پوری طرح متحرک ہے، وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی پوری ٹیم فیلڈ میں ہے، سیلاب زدہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانےکیلئے ٹیم تشکیل دی جاچکی ہے، سروے کے بعد سیلاب متاثرین کے نقصانات کا 30 روز میں ازالہ کیا جائےگا۔
عرفان کاٹھیا نے بتایا کہ ریلیف کیمپ میں متاثرین کو میڈیکل سہولتیں دی جارہی ہیں، جلدی امراض کی سب سے زیادہ شکایات ہیں جب کہ روز کی بنیاد پر ہزاروں کی تعداد میں مریضوں کو علاج کی سہولت دی جارہی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ سیلابی پانی تیزی سے نیچے کی طرف جا رہا ہے اور 24سے 48گھنٹوں میں دریا میں پانی کا بہاؤ معمول پرآنےکی توقع ہے۔
Leave a Reply