
لاہور: ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہےکہ ہیڈ سنگنائی پرپانی کی سطح بڑھی تو اگلے 6 گھنٹے انتہائی اہم ہوں گے۔
سیلاب کی صورتحال پر لاہور میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے عرفان علی کاٹھیا نے کہاکہ سیلابی پانی اس وقت بہاولپور اور بہاولنگر میں داخل ہوچکا ہے، امید ہے کہ 5 ستمبر تک بڑا ریلا پنجند کے مقام پر پہچنے گا جس کے بعد سیلابی ریلا 6 یا 7 ستمبر کو سندھ میں داخل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دریاؤں میں ابھی بھی طغیانی کی صورتحال ہے، ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے، ہیڈ سنگنائی پرسطح بڑھی تو پیرمحل اورخانیوال کے علاقے متاثر ہوسکتے ہیں، اگلے 4 سے 6 گھنٹے انتہائی اہم ہوں گے اور اگر صورتحال تشویشناک ہوئی تو اہم فیصلے کیے ہیں جن پرعملدرآمد ہوگا۔
عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ چناب سے ریلا ہیڈ تریموں سے آج رات ملتان پہنچے گا، ملتان کے قریب ہیڈ محمد والا پر ہر قسم کی ٹریفک روک دی گئی ہے جب کہ شہری آبادیوں کو بچانے کے لیے بندوں میں شگاف ڈالے جاسکتے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ سیلاب سے اب تک 3243 موضع جات اور دیہات متاثر ہوچکے ہیں اور سیلاب سے اب تک 24 لاکھ 52 ہزار 185 لوگ متاثر ہوچکے ہیں۔
Leave a Reply