
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارتی ڈرون حملے کے بعد بھارت پر پاکستانی کی جوابی کارروائی یقینی ہوگئی ہے۔
برطانوی خبرایجنسی سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ کشیدگی میں کمی کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی اور پاک بھارت تنازع بند گلی میں داخل ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ڈرون حملے کے بعد بھارت پر پاکستانی کی جوابی کارروائی یقینی ہوگئی ہے، بھارتی ڈرونز سے پاکستانی فوجی تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
وزیردفاع نے بھارتی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ڈرونز سے لاہور کے دفاعی نظام کو کوئی نقصان نہیں ہوا، پاکستان جوابی کارروائی میں بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔
ان کا کہنا تھاکہ امریکا پاکستان اوربھارت کےدرمیان کشیدگی میں کمی کےلیے بین الاقوامی کوششوں کی قیادت کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے بھارت سے آنے والے 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرون گرادیے، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالا، چکوال، اٹک، بہاولپور، میانو، کراچی اور چھور میں ڈرونز کو گرایا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق لاہور میں ڈرون گرنے سے فوج کے چار اہلکار زخمی ہوئے، میانو سندھ میں ایک شہری شہید ہوا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارت 7 اور 8 مئی کی درمیانی رات سےاسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز بھیج رہا ہے جنہیں سوفٹ کِل اور ہارڈ کِل ہتھیاروں سےگرایا گیا ہے، یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔
Leave a Reply