اداکارہ صبر قمر نے انکشاف کیا ہے کہ جیو ٹی وی اور سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے ڈرامے ’کیس نمبر 9 ‘ کے دوران انہیں صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
جیونیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ کے میزبان شاہ زیب خانزادہ کی تحریر، عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کی پروڈکشن اور سید وجاہت حسین کی ڈائریکشن میں بننے والا شاہکار ’ کیس نمبر 9‘ اس وقت اپنے منفرد موضوع اور طاقتور کہانی کے باعث ناظرین کے دلوں کو چھو رہا ہے۔
دوسری جانب صبا قمر نے ‘ کیس نمبر 9 ‘ میں زیادتی کا شکار لڑکی سحر کا کردار نبھاتے ہوئے ناظرین کو اپنی جاندار اداکاری کے سحر میں جکڑ لیا ہے۔
ناظرین سمیت شوبز حلقوں میں بھی ڈرامہ کیس نمبر 9 کی کہانی اوراس میں صبا قمر کی اداکاری کو سراہا جا رہا ہے۔
حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں شریک مہمان اداکار شمعون عباسی، نادیہ خان اور اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے ’ ڈرامہ کیس نمبر 9 ‘میں صبا قمر کی جاندار اداکاری کو سراہا ۔
شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ صبا بہترین اداکارہ ہیں جب کہ عتیقہ اوڈھو نے صبا کی نیچرل اداکاری کو سراہا۔
اس کے جواب میں اداکارہ صبر قمر نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر تمام مبصرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
صبا نے اپنی انسٹا اسٹوری میں بتایا کہ ’ ڈرامے میں جذباتی مناظر کی شوٹنگ دماغ اور جسم دونوں پر اثر انداز ہوتی ہے، بار بار جذباتی مناظر شوٹ کروانا آپ کو متاثر کرتا ہے اور مجھے اس وجہ سے صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا‘۔
انسٹااسٹوری میں اداکارہ نے کردار کے لیے اپنی وابستگی اور جذباتی تناؤ کے درمیان اپنی صحت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے واضح کیا کہ ’ میں اپنی بہتر دیکھ بھال کررہی ہوں اور خود کو یاد دلاتی ہوں کہ میں مضبوط ہوں، اگرچہ یہ مشکل ہے لیکن مجھے یہی پسند ہےاور اسی طرح مجھے ہمت ملتی ہے‘۔
ڈرامے کی کاسٹ اور سحر کا کردار
ڈرامے کی کاسٹ میں صبا قمر، فیصل قریشی، جنید خان، رشنا خان، آمنہ شیخ، شاہنواز زیدی، حنا بیات، گوہر رشید، علی رحمان خان، نورالحسن، نوین وقار، زہرہ امیر، مزنا وقاص، کامران جیلانی، فائزہ گیلانی، عذرا محی الدین اور دیگر شامل ہیں۔
ڈرامے میں سحرکا کردار ادا کرنے والی نامور اداکارہ صبا قمر ہیں جنہیں ایک خود اعتماد اور باصلاحیت لڑکی کے روپ میں دکھایا گیا ہے جب کہ ایک اور اہم کردار کامران ہے جو صف اول کے اداکار فیصل قریشی نے انجام دیا ہے۔
سحر طاقتور اور انا پرست بزنس مین کے سامنے جھکنے سے انکار کرتی ہے اور کامران اپنی انا کے زور پر سحر کو جھکانے کی کوشش کرتا ہے، ڈرامے کی کہانی سحر کے حوصلے، جدوجہد اور مزاحمت کے گرد گھومتی ہے۔


























Leave a Reply