
پاکستانی اداکار و ہدایتکار یاسر حسین ایک مرتبہ پھر اپنے بیان کی وجہ سے تنقید کی زد میں آگئے۔
اداکار اکثر و بیشتر انٹرویوز میں اس قسم کے بیانات دیتے ہیں جو سوشل میڈیا صارفین کو خاص پسند نہیں آتے، ایسے میں ان کے مداح اور دیگر صارفین سوشل میڈیا پر ان کی تصیحح بھی کرتے ہیں اور ان پر تنقید بھی کرتے نظر آتے ہیں۔
حال ہی میں وہ ایک شو میں بطور مہمان شریک ہوئے جہاں انہوں نے چار شادیوں پر کھل کر اپنی رائے دی، اداکار نے کہا کہ میں ذاتی طور پر چار شادیوں کے حق میں نہیں ہوں، میں نے جس سے محبت کی اسی سے شادی کی، اب کسی اور عورت کو دیکھنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
یاسر حسین نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا اگر کسی مرد کی دوسری شادی ہو تو اس میں عورتوں کا کردار زیادہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کی عورت چاہتی ہے کہ وہ ایسے مرد سے شادی کرے جو مالی طور پر مستحکم ہو، بچوں کا خیال رکھ سکے اور زندگی کی سہولیات دے سکے، جب وہ ایسا مرد دیکھتی ہے تو وہ خوشی خوشی دوسری بیوی بننے کو تیار ہو جاتی ہے۔
یاسر حسین نے مزید کہا کہ میں کئی ایسی خواتین کو ذاتی طور پر جانتا ہوں جو یہ جانتے ہوئے بھی کہ مرد شادی شدہ ہے، اس سے شادی پر آمادہ ہو گئیں، بعض اوقات تو ایسی عورتیں پہلی بیوی کو طلاق دلوانے کی بھی کوشش کرتی ہیں۔
اداکار کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل سامنے آیا ہے، کچھ لوگ ان کی رائے کو حقیقت کے قریب سمجھتے ہیں جبکہ اکثر صارفین نے ان کے خواتین سے متعلق ان کے اس بیان پر ناراضی کا اظہار کیا۔
Leave a Reply