قومی لیبر فورس سروے 2024-25 کے مطابق گزشتہ 5 سال کے دوران چاروں صوبوں میں بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔
لیبر فورس سروے میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بیروزگاری کی شرح سب سے زیادہ ہے، خیبر پختونخوا میں بیروزگاری 8.81 فیصد سے بڑھ کر 9.2 فیصد ہوگئی۔
لیبر فورس سروے کے مطابق پنجاب میں بیروزگاری 6.8 فیصد سے بڑھ کر 7.1 فیصد رہی، بلوچستان میں شرح 4.3 فیصد سے بڑھ کر 5.4 فیصد اور سندھ میں یہ شرح 3.9 فیصد سے بڑھ کر 5.1 فیصد ہوگئی۔
لیبر فورس سروے میں بتایا گیا ہے کہ ماسٹرز، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھنے والے 11.9 فیصد افراد بیروزگار ہیں، 2020-21 میں اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد میں بیروزگاری کی شرح 12.2 فیصد تھی اور سال 2025 میں گریجویشن کی ڈگری والے 10.9 فیصد افراد بیروزگار ہیں۔
لیبر فورس سروے کے مطابق 2025 میں انٹرمیڈیٹ کی تعلیم رکھنے والے 12.5فیصد افراد کو روزگار نہیں ملا، 8.4 فیصد میٹرک پاس افراد جاب مارکیٹ میں جگہ نہ بنا سکے، میٹرک کی کیٹیگری میں 2020-21 میں بے روزگاری کی شرح 8.6 فیصد تھی۔
میٹرک سے کم تعلیم کے حامل 6 فیصد افراد بھی بیروزگار ہیں، ان پڑھ افراد میں بیروزگاری کی شرح 3.2 فیصد سے بڑھ کر 4.4 فیصد ہوگئی۔
خیال رہے کہ قومی لیبر فورس سروے 2024-25 کے نتائج جاری کردیے گئے جس کے مطابق پاکستان میں بیروزگاری کی شرح بڑھ کر7.1 فیصد ہوگئی، سال 2020-21 میں ملک میں بیروزگاری کی شرح 6.3 فیصد تھی۔
سروے میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 5 سال میں بیروزگاری میں 0.8 فیصد تک اضافہ ہوا اور پاکستان میں اس وقت تقریباً 59 لاکھ افراد بیروزگارہیں۔
سروے میں کہا گیا ہے کہ 2023 کی مردم شماری کے مطابق ملکی آبادی24 کروڑ 14 لاکھ 90 ہزارہے، پاکستان کی 3.3 فیصد آبادی بیروزگار ہے۔





















Leave a Reply