خیبرپختونخوا (کے پی) ہاؤس اسلام آباد میں پی ٹی آئی اور اپوزیشن پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندورنی کہانی سامنے آگئی۔
اجلاس میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین قریشی پارٹی ارکان پر برہم ہوگئے اور کہا کہ ایک طرف حکومت دوسری طرف پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا ہی ہماری تذلیل کرتا ہے، ہم سب کو اپنی اپنی بساط اور صوبے کے مطابق کام کرنا ہوگا۔
معین قریشی کا کہنا تھا کہ ہم انسان ہیں، ہرشخص کے ساتھ خوشی غمی ہوتی ہے، اگرکوئی شخص بیماری کی وجہ سے نہ آئے تو اس پرسوشل میڈیا پر الزامات لگائے جاتے ہیں، سوشل میڈیا پر ممبران صوبائی اسمبلی کی تضحیک کی جاتی ہے، ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ہم پر کیچڑ اچھالا جاتا ہے۔
اپوزیشن لیڈرپنجاب کی تقریر کے دوران شیخ وقاص اکرم نے انہیں ٹوک دیا اور کہا کہ کیا ہم سب سن سکتے ہیں یا بول بھی سکتے ہیں؟
معین قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے پنجاب کی طرف سے ہر آپشن کو سیاسی کمیٹی کے سامنے رکھا، ہم پوری کوشش کریں گے آپ ہم پر اعتماد کریں۔
فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ اپنے لوگوں کی نیتوں پر شک نہ کیا جائے، ہم سب اپنی جگہ محنت کر رہے ہیں لیکن یہ انداز خدارا مت اپنائیں۔
شاہد خٹک نےکہا کہ اس اجتماع کو سب سپریم کورٹ کی بلڈنگ تک لیکرجائیں اور وہاں بیٹھ جائیں، بانی پی ٹی آئی کوصحت کی سہولیات اور رسائی آپ پارٹی ارکان کی وجہ سے بند ہے، آپ لوگ اکٹھے ہوں اور اکٹھے ہر فورم پر آگے بڑھیں، محمود اچکزئی اور علامہ ناصرعباس نے ابہام پیدا کیا کہ احتجاج کیسا ہوگا۔


























Leave a Reply