پھیپھڑوں کے کینسر سرطان کی سب سے زیادہ عام قسم ہے جس سے سب سے زیادہ افراد متاثر ہوتے ہیں یا اموات ہوتی ہیں۔
درمیانی عمر یا معمر افراد میں پھیپھڑوں کے کینسر کی شرح زیادہ ہوتی ہے اور ابتدا میں اس کی علامات کو پکڑنا کافی مشکل ہوتا ہے۔
مگر جیسے جیسے وقت گزرتا ہے اس مرض کی علامات واضح ہونے لگتی ہیں۔
اس کی وجہ سے مرض کی تشخیص تاخیر سے ہوتی ہے اور بچنے کا امکان گھٹ جاتا ہے۔
اگر مرض کی تشخیص جلد ہو جائے تو علاج زیادہ مؤثر ثابت ہوسکتا ہے اور صحت پر منفی اثرات بھی کم مرتب ہوتے ہیں۔
تو پھیپھڑوں کے امراض کی ایسی ابتدائی علامات جانیں جن کو اکثر دیگر طبی مسائل کا نتیجہ سمجھ کر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔
مسلسل کھانسی یا کھانسی میں تبدیلی
کھانسی کا تجربہ تو ہر فرد کو ہوتا ہے مگر جب کھانسی بہت زیادہ وقت تک صحیح نہ ہو یا اس میں تبدیلیاں ہونے لگے، تو یہ انتباہی نشانی ہوتی ہے۔
اگر آپ کو کسی وجہ کے بغیر کھانسی کا سامنا ہو رہا ہے تو اس پر توجہ مرکوز کرنا چاہیے۔
ہوسکتا ہے کہ اس کی کوئی خاص وجہ نہ ہو مگر 2 ہفتے سے زیادہ کھانسی برقرار رہے تو یہ کسی سنگین مسئلے کی نشانی بھی ہوسکتی ہے۔
کینسر ریسرچ یوکے کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ دائمی کھانسی پھیپھڑوں کے کینسر کی ایک عام علامت ہے۔
سانس پھول جانا یا خرخراہٹ
کیا معمولی جسمانی سرگرمیوں کے بعد سانس پھول جاتا ہے یا سیڑھیاں چڑھنا بہت مشکل محسوس ہوتا ہے؟
پھیپھڑوں کے کینسر سے سانس کا نظام متاثر ہوتا ہے کیونکہ رسولیاں ہوا کی نالی کو بلاک کر دیتی ہیں یا پھیپھڑوں میں ورم کا باعث بنتی ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق اگر سانس لینے کے طریقے میں اچانک تبدیلیاں آئی ہیں تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے کیونکہ یہ پھیپھڑوں میں ورم یا بلاک ہونے کی نشانی ہوسکتی ہے۔
ضروری نہیں کہ ایسا کینسر کے باعث ہی ہو مگر طبی معائنہ کرالینا بہتر ہوتا ہے۔
جسمانی تکلیف
جسم میں تکلیف ہونا یا دائمی درد صرف مصروفیات یا بڑھتی عمر کا ہی نتیجہ نہیں ہوتا، ایسا پھیپھڑوں کے کینسر سے بھی ہوسکتا ہے۔
اگر سینے، کمر یا کندھوں میں تکلیف کچھ دنں میں ختم نہ ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
پھیپھڑوں کے کینسر کی رسولی بڑھنے سے جسم میں تکلیف ہوتی ہے یا رسولی قریبی ٹشوز تک پہنچ جائے تو بھی ایسا ہوتا ہے۔
آواز بدل جانا
آواز بدل جانا بھی ایک انتباہی نشانی ہے، خاص طور پر اگر ایسا نزلہ زکام یا بہت زیادہ چلانے کی وجہ سے نہ ہوا ہو۔
اگر آواز میں آنے والی تبدیلی برقرار رہے تو یہ سنگین مسئلے کی نشانی ہوسکتی ہے۔
جسمانی وزن میں کمی
اگر جسمانی وزن میں کسی کوشش کے بغیر کمی آرہی ہے تو یہ بھی متعدد طبی مسائل کی نشانی ہے جن میں سے ایک پھیپھڑوں کا کینسر ہے۔
جب کینسر کے خلیات جسم میں ہوتے ہیں تو اس سے میٹابولزم افعال اور جسم کی جانب سے توانائی کے استعمال کے طریقے میں تبدیلی آتی ہے۔
ایسا ہونے پر جسمانی وزن میں کمی آنے لگتی ہے۔
اگر جسمانی وزن میں بہت کم وقت میں بغیر کسی وجہ کے اچانک کمی آگئی ہے تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔


























Leave a Reply