پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے آپریشن “غضب للحق” پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بابرکت ماہ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے پڑوسی ملک نے پاکستان پر ایک مرتبہ پھر حملہ کیا جس کا ہماری بہادر فوج نے بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔
شاہد آفریدی نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ تمام مسائل کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے مذاکرات، سفارتکاری اور ہر ممکن کوشش کی ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ ہمارے برادر اسلامی ممالک نے بھی اپنا کردار ادا کرتے ہوئے انہیں سمجھانے کی پوری کوشش کی، مگر تمام خلوص اور کاوشوں کے باوجود دراندازی اور جارحیت کا سلسلہ جاری رہا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ بحیثیت مسلمان، مجھ سمیت تمام مسلمانوں کی دعا اور آرزو ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ہم سب اللہ تعالیٰ کی عبادت میں مصروف رہیں نہ کہ ایک دوسرے کا خون بہائیں۔
انہوں نےکہا کہ افسوس کہ اس بابرکت ماہ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے پڑوسی ملک نے پاکستان پر ایک مرتبہ پھر حملہ کیا جس کا ہماری بہادر فوج نے بھرپور اور موثر جواب دیا اور اپنی سرزمین اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ پاکستان ہی تھا جو ہمیشہ مشکل وقت میں اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہا ۔افغانستان کو سمجھنا ہوگا کہ بھارت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہونے سے سوائے ہزیمت کے کچھ حاصل نہیں ہو گا ۔
ان کاکہنا تھا کہ ہم امن کے خواہاں ہیں مگر اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ پاکستان ہمیشہ زندہ باد!


























Leave a Reply