
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں یکم تا 3 ستمبر ممکنہ موسلادھاربارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں مزید بارشوں سے سیلابی صورتحال میں شدت کا امکان ہے جبکہ شمال مشرقی، وسطی اور جنوبی پنجاب کے اضلاع متاثر ہوسکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے بتایاکہ مری، راولپنڈی، جہلم، اٹک، منڈی بہاء الدین میں ممکنہ بارشوں سے سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے جبکہ گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں بارشوں سے سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔
چنیوٹ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، اس کے علاوہ سرگودھا، بھکر، لیہ اورمیانوالی میں بھی سیلابی صورتحال مزیدسنگین ہوسکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ڈی جی خان، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یارخان میں بھی سیلابی صورتحال اور مرالہ ہیڈ ورکس پر سیلابی ریلوں اور بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب رہائشی الرٹ رہیں، عوام اور متعلقہ ادارے حفاظتی اقدامات کریں، نشیبی و خطرے سے دوچار علاقوں سے دور رہیں، ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سےگریزکریں۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات سے نمٹنے کےلیے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کےلیے ضروری مشینری تیار رکھیں۔
Leave a Reply