
پنجاب کے دریاؤں کا سیلابی ریلا آج پنجند کے مقام پرپہنچے گا جبکہ اس سیلابی ریلے کا 2 دن بعدگڈوبیراج پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ اطلاعات سندھ کے مطابق ہیڈ پنجند پر پانی کی آمد 2 لاکھ 27 ہزار 710 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 13 ہزار 740 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، یہ ریلا آج ہیڈ پنجند سے نکلنے کے بعد دو دن میں گڈو بیراج پہنچے گا۔
گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 42 ہزار 153 کیوسک جبکہ اخراج 3 لاکھ 10 ہزار 408 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سکھر بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 31 ہزار 230 اور اخراج 2 لاکھ 75 ہزار 850 کیوسک جبکہ کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 47 ہزار 186 اور اخراج 2 لاکھ 9 ہزار 431 کیوسک ریکارڈ ہوا ہے۔
وزیر زراعت سندھ محمد بخش مہر نے گڈو بیراج اور کندھ کوٹ کشمور بند کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صورتحال قابو میں ہے اور کسی قسم کے خطرے کی بات نہیں تاہم 7 لاکھ کیوسک کا ریلا آنےکی توقع ہے۔
یاد رہے کہ دریائے پنجند پر پنجاب کے دریا یعنی دریائے جہلم، دریائے چناب، دریائے راوی، دریائے بیاس اور دریائے ستلج کے 5 دریاؤں کا سنگم قائم ہوتا ہے۔
جہلم اور راوی چناب میں شامل ہوتے ہیں، بیاس ستلج میں شامل ہوتا ہے اور پھر ستلج اور چناب ضلع بہاولپور سے 10 میل دور شمال میں اوچ شریف کے مقام پر مل کر دریائے پنجند بناتے ہیں۔
Leave a Reply