پاکستان میں واٹس ایپ گروپس اور سوشل میڈیا پر وائرل ایک میسج میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پنجاب کے رہائشی dastakpunjab.online نامی ویب سائٹ کے ذریعے ڈرائیونگ ٹیسٹ دیئے بغیر آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
یہ دعویٰ جھوٹا ہے۔ مذکورہ ویب سائٹ دھوکہ دہی پر مبنی ہے۔
دعویٰ
9 جنوری کو پاکستان میں واٹس ایپ گروپس میں ایک تصویر گردش کرنا شروع ہوئی، جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ پنجاب میں مقیم افراد اب https://dastakpunjab.online نامی ویب سائٹ کے ذریعے ایزی پیسہ یا جاز کیش سے فیس ادا کر کے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
اس گرافک میں مزید یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ مذکورہ لنک استعمال کرنے والے درخواست گزاروں کے لیے ڈرائیونگ ٹیسٹ دینا ضروری نہیں ہوگا۔
یہ ویب سائٹ ”ڈرائیونگ لائسنس مینجمنٹ سسٹم“ کے عنوان سے ایک پیج پر لے جاتی ہے اور یہ دعویٰ کرتی ہے کہ یہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کا حصہ ہے۔
حقیقت
جیو فیکٹ چیک سے بات کرتے ہوئے ایک سرکاری اہلکار اور ڈیجیٹل میڈیا کے ماہر نے تصدیق کی ہے کہ یہ ویب سائٹ جعلی ہے اور اس کا حکومتِ پنجاب یا ٹریفک پولیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
لرننگ ڈرائیونگ لائسنس، ڈپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس یا تجدید (renewal) جیسی خدمات کے لیے حکومتِ پنجاب کی آفیشل ویب سائٹ dastak.punjab.govt.pk ہے۔
ہر سرکاری ویب سائٹ حکومتی ڈومین govt.pk استعمال کرتی ہے۔ اس کے برعکس، حکومتی خدمات کا روپ دھارنے والی دھوکہ دہی پر مبنی ویب سائٹ dastakpunjab.online کے ڈومین کے تحت چل رہی ہے اور اس کے پاس کوئی حکومتی ڈومین موجود نہیں ہے۔
حکومت کی اصل ویب سائٹ یہاں دیکھی جا سکتی ہے۔
پنجاب ٹریفک پولیس کے ترجمان محمد عثمان قریشی نے جیو فیکٹ چیک سے فون پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ کئی جعلی پیجز اور ویب سائٹس سرکاری خدمات کا روپ دھار کر لوگوں کو دھوکہ دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا محکمہ پہلے ہی dastakpunjab.online کی نشاندہی کر چکا ہے جو لوگوں کے ساتھ فراڈ میں ملوث ہے۔
عثمان قریشی نے وضاحت کی کہ پہلی بار ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دینے والے
افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ بائیومیٹرک تصدیق، تصاویر، ویڈیو ریکارڈنگ اور ڈرائیونگ ٹیسٹ کے لیے خود (جسمانی طور پر) ٹریفک پولیس مراکز کا دورہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ”یہ عمل آن لائن مکمل نہیں کیا جا سکتا۔“
اس کے علاوہ، اسلام آباد میںبائٹس فار آل (Bytes for All) سے وابستہ اوپن سورس انٹیلیجنس(OSINT) ایکسپرٹ، انیس قریشی نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ یہ جعلی ویب سائٹ online. ڈومین پر چل رہی ہے، جسے عام طور پر کم قیمت ہوسٹنگ فراہم کرنے والے استعمال کرتے ہیں اور اسے اکثر دھوکہ دہی اور فراڈ کی کارروائیوں کے لیے غلط طریقے سے استعمال کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایسی ویب سائٹس مالی فراڈ اور شناختی معلومات کی چوری میں ملوث ہوتی ہیں۔ یہ ویب سائٹس شہریوں کی حساس معلومات بشمول شناختی کارڈ نمبر، شناختی دستاویزات کی فرنٹ اور بیک سائیڈ کی تصاویر، ڈرائیونگ لائسنس کی تصاویر اور فون نمبرز اکٹھا کرتی ہیں۔ آخری مرحلے میں، صارفین سے ایزی پیسہ (easypaisa) کے ذریعے رقم منتقل کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔
فیصلہ: یہ دعویٰ کہ حکومتِ پنجاب dastakpunjab.online نامی ویب سائٹ یا ایپ کے ذریعے ڈرائیونگ ٹیسٹ کے بغیر ڈرائیونگ لائسنس جاری کر رہی ہے، بالکل غلط اور بے بنیاد ہے۔
ہمیں X (ٹوئٹر) GeoFactCheck@ اور انسٹا گرام geo_factcheck@ پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔

























Leave a Reply