
مستونگ: بلوچستان میں غیرت کے نام پر ایک اور شادی شدہ جوڑے کو شادی کے کئی سال بعد قتل کردیا گیا۔
لیویز حکام کے مطابق پنجگورکے محمد شعیب نے 7 سال قبل اپنی پسدن سے کورٹ میرج کی تھی اور کچھ عرصہ قبل شعیب کا سسرال سے راضی نامہ ہوگیا تھا جس کے بعد شعیب کی اہلیہ کے بھائیوں نے میاں بیوی کو دعوت کے بہانے کوئٹہ بلایا تھا۔
لیویز حکام نے بتایا کہ بھائیوں کی دعوت پر شعیب اپنی اہلیہ اور بھائی کے ساتھ پنجگور سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہوا تھا جہاں وہ رات لکپاس کے قریب ہوٹل میں ٹھہرے تھے۔
لیویز حکام کے مطابق گزشتہ روز مقتولہ کے بھائی ٹیلی فون کرکے وہاں پہنچ گئے اور دونوں میاں بیوی کو قتل کرکے فرار ہوگئے۔
لیویز حکام کے مطابق مقتولین کی عمریں 27 سے 28 سال کے درمیان تھیں، ان کے 3 اور 6 سال کے 2 بچے بھی تھے جب کہ قتل کے وقت مقتولہ حاملہ تھی۔
لیویز حکام کےکا کہنا ہےکہ خاتون اور اس کے شوہر کے قتل کا مقدمہ لیویز تھانے میں مقتولہ کے 5 بھائیوں کے خلاف درج کیا گیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
Leave a Reply