
بھارتی فوج کے سابق جنرل کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ پاکستان کے خلاف آبی دہشت گردی کا منصوبہ بیان کر رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر جیو نیوز کے سینئر اینکر حامد میر کی جانب سے ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں بھارتی فوج کا ریٹائرڈ لیفٹننٹ جنرل کنول جیت سنگھ ڈھلوں پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرکے پاکستان کو تباہ کرنےکا منصوبہ بتا رہا ہے۔
یہ ویڈیو پاکستان کے خلاف بھارتی آبی جارحیت کے عزائم کو ظاہر کرتی ہے۔
ایک انٹرویو میں ریٹائرڈ لیفٹننٹ جنرل کنول جیت سنگھ ڈھلوں نے پاکستان کے خلاف آبی دہشت گردی کا منصوبہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس پانی روکنےکی جتنی صلاحیت ہے وہ ہم روکیں گے اور ایک دن رات کو اچانک پانی پاکستان کی جانب چھوڑ دیں گے اور ایک حد سے زیادہ پاکستان کے پاس پانی روکنے اور جمع کرنے کی صلاحیت نہیں جس سے وہاں سیلاب آئے گا اور پاکستان اس پانی کا ٹھیک استعمال بھی نہیں کرسکے گا۔
کنول جیت سنگھ ڈھلوں کا کہنا تھا کہ اسی طرح ہم دوبارہ پانی کو روک لیں گے، خاص طور پر گرمیوں میں جب فصلوں کو پانی کی ضرورت ہوتی ہے اس وقت پانی روک لیں گے اور بارشوں کے موسم میں جب پانی کی ضرورت نہیں اس وقت پانی چھوڑدیں گے، اس طرح پانی کو ہم ہتھیار کے طور پر استعمال کرسکیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں کنول جیت سنگھ ڈھلوں نےمزید ہرزہ سرائی کرتے ہوئےکہا کہ سندھ طاس معاہدہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ معاہدہ ہے، یہ عالمی معاہدہ نہیں، ہم اپنی مرضی سے پانی روکیں گے اور مرضی سے چھوڑیں گے۔
Leave a Reply