
اسلام آباد: پاکستان کو رواں مالی سال ملنے والے بیرونی قرضوں اور گرانٹس کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
جیو نیوز کو موصول دستاویزات کے مطابق پاکستان کو رواں مالی سال 10 ماہ میں 6 ارب ڈالر سے زائد کے فنڈز ملے ہیں جن میں 5 ارب 92کروڑ ڈالر قرضہ اور 15 کروڑ 83 لاکھ ڈالر گرانٹ شامل ہے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہےکہ 10 ماہ میں آئی ایم ایف سے ملنے والے 2.1 ارب ڈالر اس کے علاوہ ہیں جب کہ سعودی عرب، یو اےای اور چین نے 6 ارب ڈالر کے ڈپازٹس رول اوور بھی کیے۔
دستاویزات کے مطابق جولائی تا اپریل عالمی مالیاتی اداروں سے 2 ارب 97 کروڑ ڈالر ملے، اس دوران چین اور امریکا سمیت مختلف ممالک نے پاکستان کو 37 کروڑ ڈالر قرض دیا جب کہ پاکستان نے 10 ماہ میں 76 کروڑ ڈالر کا بیرونی کمرشل قرضہ حاصل کیا۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق نیا پاکستان سرٹیفکیٹ سے ایک ارب 61 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے جب کہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے 2 ارب 63 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے۔
اس کے علاوہ پاکستان کو بجٹ سپورٹ کی مد میں 10 ماہ میں 3 ارب ڈالر سے زائد حاصل ہوئے۔
دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہےکہ رواں مالی سال بیرونی مالی معاونت کاہدف 19ارب 39 کروڑ ڈالر ہے۔
Leave a Reply