پاکستان کا لیبیئن نیشنل آرمی سے 4 ارب ڈالرکا اسلحہ فروخت کرنےکا معاہدہ ہوگیا


پاکستان کا لیبیئن نیشنل آرمی سے 4 ارب ڈالرکا اسلحہ فروخت کرنےکا معاہدہ ہوگیا

فوٹو: آئی ایس پی آر

پاکستان نے لیبیئن نیشنل آرمی کو 4 ارب ڈالر کے ہتھیار فروخت کرنےکا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت لیبیا کو 16 جے ایف 17 لڑاکا طیارے بھی فراہم کیے جائیں گے۔

برطانوی  خبر  ایجنسی رائٹرز کے مطابق 4 پاکستانی اہلکاروں نے تصدیق کی ہےکہ پاکستان نے لیبیا کی نیشنل آرمی (ایل این اے) کو 4 ارب ڈالر سے زائد مالیت کا فوجی سازوسامان فروخت کرنےکا معاہدہ کیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق یہ معاہدہ  پاکستان کی دفاعی برآمدات کا اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے  لیبیا کے شہر بن غازی میں  پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور  لیبیا کی نیشنل آرمی کے نائب کمانڈر اِن چیف صدام خلیفہ حفتر کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد اسلحے کی خریداری کے معاہدے کوحتمی شکل دی گئی۔

خبر ایجنسی کے مطابق معاہدے کو حتمی شکل دیے جانے سے قبل تک جو فہرست سامنے آئی تھی اس کے مطابق پاکستان معاہدے کے تحت لیبیا نیشنل آرمی کو 16 جے ایف-17 لڑاکا طیارے  اور 12 سپر مشاق تربیتی طیارے فراہم کرےگا۔

 رائٹرز کے مطابق4 پاکستانی اہلکاروں میں سے ایک نے اس فہرست کی تصدیق کی جبکہ دوسرے اہلکار نے کہا کہ فہرست میں شامل تمام اسلحہ معاہدے کا حصہ ہے تاہم وہ درست تعداد بتانے سے قاصر رہے۔ ایک اور  پاکستانی اہلکار کے مطابق اس معاہدے میں زمینی، بحری اور فضائی سازوسامان کی فروخت شامل ہے،  جس کی فراہمی ڈھائی سال کے عرصے میں مکمل ہوگی۔

لیبیا نیشنل آرمی کے میڈیا چینل نے بھی پاکستان سے دفاعی تعاون کا معاہدہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق لیبیا پر اقوام متحدہ کی جانب سے اسلحےکی خریداری پر پابندی عائد ہے اور لیبیا کے ساتھ کسی بھی  اسلحہ  فراہمی کے معاہدے کو جانچ پڑتال کا سامنا ہوسکتا ہے، کیونکہ 2011 میں نیٹو کی حمایت سے ہونے والی بغاوت  جس کے نتیجے میں معمر قذافی کا تختہ الٹ دیا گیا تھا،  لیبیا طویل عرصے سے عدم استحکام کا شکار ہے اور متحارب دھڑوں میں تقسیم ہے۔

 تاہم پاکستانی عہدیدار کا کہنا ہے کہ معاہدے سے اقوام متحدہ کی کسی پابندی کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ حکومت قومی اتحاد  جس کی قیادت وزیراعظم عبد الحمید دبیبہ کر رہے ہیں، مغربی لیبیا کے بیشتر حصے کو کنٹرول کرتی ہے، جبکہ حفتر کی لیبیا نیشنل آرمی کا مشرقی اور جنوبی لیبیا پر کنٹرول ہے، جن میں بڑے تیل کے ذخائر بھی شامل ہیں۔

خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ  پاکستان نے ستمبر میں سعودی عرب سے بھی اسٹریٹیجک دفاعی معاہدہ کیا ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *