
اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے علاقوں پر حملے کے بھارتی میڈیا کے بے بنیاد الزامات اور پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان بھارتی میڈیا کے الزامات، پروپیگنڈے کو مسترد کرتا ہے، پٹھان کوٹ، جیسلمیر اور سری نگر پر حملے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بغیر پاکستان پر الزامات کا عمل سوچے سمجھے منصوبے کا عکاس ہے، الزامات کا مقصد خطے کو غیرمستحکم اور جارحیت کیلئے بہانہ تراشنا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس قسم کی کارروائیاں علاقائی امن کو مزید خطرے میں ڈالتی ہیں، بھارت کا رویہ انتہائی خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان عالمی تنظیموں سے بھارتی رویے پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتاہے، پاکستان پوری قوت سے اپنی خود مختاری، علاقائی سالمیت کے دفاع کے ساتھ جواب دے گا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان امن کے لیے پُرعزم اور چوکس ہے، پاکستان اشتعال انگیزی، دھمکیوں یا گمراہ کن مہم سے مرعوب نہیں ہوگا، پاکستان کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں حملوں کی جھوٹی خبریں پھیلانے لگا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا پر مقبوضہ کشمیر پر حملےکی خبریں فیک اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔
ذرائع کے مطابق فیک خبروں کوپھیلانےکا مقصد ناکام، جھوٹا تاثرپیدا کرنا ہےکہ پاکستان بھی بھارت پرحملہ کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق جھوٹی خبروں کوپھیلا کربھارت پاکستان پر اپنی جارحیت جاری رکھنے کا مسلسل جھوٹا جواز پیدا کرنا چاہتا ہے۔
Leave a Reply